پنجاب میں ن لیگ کے مدمقابل پی ٹی آئی کے کون سے امیدوار ہوں گے

مریم نواز یاسمین راشد کے، عمران خان سعد رفیق، ایاز صادق علیم خان اور احسن اقبال ابرار الحق کے مدمقابل ہوں گے

مریم نواز کا یاسمین راشد، عمران خان کا سعد رفیق، ایاز صادق کا علیم خان اور احسن اقبال کا ابرار الحق سے مقابلہ ہوگا (فوٹو: فائل)

مسلم لیگ ن کی جانب سے پنجاب سے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی فہرست جاری ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے کون سے امیدوار ان کے مدمقابل ہوں اس بات کا تعین اب ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 سے ن لیگ کی رہنما مریم نواز انتخاب لڑرہی ہیں ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد ہیں۔ این اے 131 کے انتخابی اکھاڑے میں عمران خان کا جوڑ ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق سے پڑے گا۔

این اے 132 میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پی ٹی آئی کے منشا سندھو سامنا کریں گے۔ این اے 124 میں حمزہ شہباز تحریک انصاف کے نعمان قیصر سے نمٹیں گے۔ این اے129 میں مسلم لیگ ن کے ایاز صادق اور تحریک انصاف کے علیم خان میں مقابلہ ہوگا۔ این اے 95 سے ن لیگ کے حاجی عبیداللہ خان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا سامنا کریں گے۔


اسی طرح این اے 81 میں ن لیگ کے خرم دستگیر پنجہ آزمائی کے لیے تیار ہیں مگر تحریک انصاف نے اس حلقے سے اپنے امیدوار کا اب تک اعلان نہیں کیا۔ این اے 78 میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال قسمت آزمائیں گے اور ان کا سامنا تحریک انصاف کے ابرار الحق کریں گے۔ این اے 106 میں ن لیگ کے رانا ثنا اللہ اور تحریک انصاف کے نثارجٹ میں مقابلہ ہوگا۔

این اے 127 میں مسلم لیگ ن کے پرویز ملک تحریک انصاف کے جمشید چیمہ سے نمٹیں گے۔ این اے73 میں ن لیگ کا مورچہ خواجہ آصف سنبھالیں گے اور ان کا مقابلہ کپتان کے کھلاڑی عثمان ڈار سے ہوگا۔

دریں اثنا این اے 60 میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور ن لیگ کے متوالے حنیف عباسی میں مقابلہ ہوگا جب کہ ن لیگ نے این اے 62 سے دانیال چودھری کو میدان میں اتارا ہے جہاں ان کا مقابلہ شیخ رشید سے ہوگا۔
Load Next Story