انتخابات 11 مئی کو ہوں گے کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے آرمی چیف

دہشت گردی کے خلاف جنگ کو صرف فوج کی جنگ سمجھنا ہمیں انتشار کی جانب لے جائے گا، آرمی چیف

اگر ہم 11 مئی کو لسانی، سماجی اور فرقہ وارانہ تعصب سے بلند ہوکر صرف اہلیت اور ایمانداری کی بنا پر ووٹ کا استعمال کرسکے تو نہ آمریت کا خوف ہوگا اور نہ شکوہ، جنرل اشفاق پرویز کیانی فوٹو: فائل

PESHAWAR:
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ انتخابات 11 مئی کو ہی ہوں گے اور اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔

راولپنڈی میں یوم شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد بذات خود مسائل کا حل نہیں لیکن مسائل کے حل کی جانب ایک قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کا دن ہم سب کے لئے سنہری موقع ہے جس سے ایک نیا آغاز ہوسکتا ہے، اگر ہم لسانی، سماجی اور فرقہ وارانہ تعصب سے بلند ہوکر صرف اہلیت اور ایمانداری کی بنا پر ووٹ کا استعمال کرسکے تو نہ آمریت کا خوف ہوگا اور نہ شکوہ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 5 سال جمہوری نظام کو مستحکم بنانے کی کوشش کی اور آئندہ بھی افواج پاکستان کی وجہ سے ملک کا سبز ہلالی پرچم ہمیشہ بلند رہے گا۔


جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا کہ عوامی نمائندگی میں ہمارے تمام مسائل کا حل موجود ہے اور یہ تب ہی ممکن ہوگا جب ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر صرف ملک کے لئے سوچیں گے اور عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا ناسور ہزاروں پاکستانیوں کی جان لے چکا ہے جس میں شہریوں کے علاوہ فوجی جوان بھی شامل ہیں لیکن دہشت گردی کے خلاف جنگ کو صرف فوج کی جنگ سمجھنا ہمیں انتشار کی جانب لے جائے گا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ آج کا دن ہمارے شہیدوں، غازیوں اور مجاہدوں کے نام ہے جنہوں نے ملک کے لئے قربانیاں دیں اور ہم شہدا کے ورثا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال یوم شہدا پر گیاری سیکٹر میں ہمارے 140 جوان شہید ہوگئے تھے جن میں سے 125 کے جسد خاکی ورثا کے حوالے کیے جاچکے ہیں اور تمام جسد خاکی کی تلاش تک گیاری سیکٹر میں کارروائی جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارے لئے ایک عظیم نعمت ہیں جس کی آزادی کے لئے ہم نے بہت قربانیاں دیں اور ہم آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

خطاب سے قبل جنرل اشفاق پرویز کیانی نے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
Load Next Story