دشمنوں کو دھوکا دینے والے انوکھے غبارہ ٹینک تیار

میدان جنگ میں سیٹلائٹ اور ڈرونز کو دھوکا دینے کے لیے غبارہ ٹینک اور جنگی طیارے بنائے گئے ہیں

برطانیہ نے عسکری سامان کی کمی کی وجہ سے جعلی ٹینک اور طیارے بنائے ہیں (فوٹو: بشکریہ رائل فورس)

برطانوی افواج نے پھلائے جانے والے جعلی ٹینک اور جنگی طیاروں کے ماڈل تیار کیے ہیں جن کے ذریعے دشمن کے سیٹلائٹ اور ڈرون کو جنگی میدان میں دھوکا دیا جاسکتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ برطانوی افواج کے پاس مناسب عسکری ہتھیاروں کی کمی ہے۔

اس بات کا اندازہ یوں لگائیے کہ برطانیہ کے پاس صرف 227 پرانے چیلنجر ٹو ٹینک ہیں اور 2010ء میں دفاعی بجٹ میں تاریخی کمی سے یہ صورتحال مزید خراب ہوئی ہے جبکہ دوسری جانب روس کے پاس جدید ترین ٹینکوں کی تعداد 2700 سے بھی زیادہ ہے۔



حال ہی میں 65 سینئر برطانوی فوجی افسران نے 2035ء تک برطانیہ کی جنگی اور عسکری ضروریات پر مفصل جائزہ پیش کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری علاقوں میں تنازعات اور جنگوں کے لیے برطانیہ کو غیرمعمولی تعداد میں سپاہی درکار ہوں گے، آج برطانوی افواج سکڑ کر صرف 77 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

اس تناظر میں ایک فوجی افسر وینڈی ایگل نے کہا ہے کہ برطانوی رائل افواج کو ' دھوکا اور حیلہ' پر انحصار کرنا ہوگا تاکہ دشمن طویل وقت تک جعلی ٹینکوں اور طیاروں میں الجھا رہے اور جعلی ٹینکوں کو دشمن پر رعب اور دبدبے کے لیے بھی رکھا جاسکتا ہے۔




وینڈی ایگل نے کہا ہے کہ جعلی غبارہ ٹینک حرارت بھی خارج کرتے ہیں جس سے دشمن کا تھرمل نظام دھوکا کھا کر اسے اصلی گمان کرے گا اس کے علاوہ موبائل ٹرانسمیٹر سے جعلی سگنلز بھی خارج کیے جائیں گے۔



ایک غبارہ ٹینک کا وزن صرف 100 کلو گرام ہے اور اسے چند سپاہی مل کر تیار کرکے رکھ سکتے ہیں۔ برطانوی افواج نے اس کے ساتھ ساتھ جعلی جنگی طیارے بھی بنائے ہیں۔

واضح رہے کہ دوسری عالمی جنگ میں جعلی ٹینک استعمال کیے گئے تھے اور دیگر جنگوں میں بھی ان کی افادیت سامنے آئی ہے، کچھ ایسے ہی ہتھیار روس کے پاس بھی موجود ہیں۔
Load Next Story