بم دھماکے طالبان نہیں سابق حکمران کرا رہے ہیں قادرمگسی

سابق حکومتی گروپ حالات خراب کرنا اور پہلے کی طرح ٹھپے لگاکر الیکشن جیتنا چاہتا ہے

قادر مگسی کا کہنا تھا کہ سندھ کی نگران حکومت سابقہ حکومت کا تسلسل ہے جس کی موجودگی میں غیر جانبٍدارانہ اور شفاف الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے۔ فوٹو: فائل

لاہور:
سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا ہے کہ سندھ میں دھماکے طالبان نہیں بلکہ سابقہ حکمران اور ان کے اتحادی کر رہے ہیں۔

تاکہ الیکشن ملتوی کرائے جاسکیں۔ ٹنڈو محمد خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں حالات خراب کر کے سابقہ حکومتی گروپ چاہتا ہے کہ عوام خوف کی وجہ سے ووٹ ڈالنے نہ نکلیں اور وہ پہلے کی طرح ٹھپے لگا کر الیکشن جیت سکیں۔ نگران حکومت دھماکوں کی ذمے داری طالبان پر ڈال کر خود بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔

دھماکوں کی انکوائری سندھ ہائی کورٹ کے جج سے کرائی جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔ قادر مگسی کا کہنا تھا کہ سندھ کی نگران حکومت سابقہ حکومت کا تسلسل ہے جس کی موجودگی میں غیر جانبٍدارانہ اور شفاف الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے، تاہم حالات کتنے ہی برے کیوں نہ ہوں، انتخابات وقت پر ہونے چاہییں۔




انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے 5 برسوں کے دوران 12 ہزار ارب روپے کی کرپشن کی ہے۔ پیپلز پارٹی کے خلاف قائم 10 جماعتی اتحاد کے سربراہ اتحاد میں شامل جماعتوں کے بعض امیدواروں کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور طے شدہ امیدواروں کے مد مقابل اپنے امیدوار دستبردار کرائیں، اگر ون ٹو ون مقابلہ نہ کیا تو پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی ایک مرتبہ پھر جیت جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کو شکست دینے اور قوم پرست اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے سندھ ترقی پسند پارٹی نے بڑی قربانی دی ہے، 10 جماعتی اتحاد کو اگر حکومت بنانے کا موقع ملا تو سابقہ حکومت کی جانب سے سندھ کے جزائر کی فروخت اور دیگر سندھ دشمن معاہدوں کو منسوخ کر دے گی۔ اس موقع پر پی ایس 54 سے اتحاد کے امیدوار ڈاکٹر احمد نوناری بھی موجود تھے۔
Load Next Story