ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم ترقی کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر آگئے

بولنگ میں عادل رشید 3 درجے بہتری کے ساتھ 8 ویں نمبر پر آگئے

بولنگ میں عادل رشید 3 درجے بہتری کے ساتھ 8 ویں نمبر پر آگئے . فوٹو: فائل

آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم بیٹنگ میں ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے۔

آسٹریلیا کی انگلینڈ کے ہاتھوں پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں وائٹ واش کے بعد آئی سی سی نے پلیئرز رینکنگ جاری کردی، پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم 2 درجے ترقی کے ساتھ دوسری پوزیشن پر آگئے ہیں، ڈیوڈ وارنر ایک درجہ تنزلی کے ساتھ تیسرے، روہت شرما اور راس ٹیلر ایک ایک سیڑھی پھلانگ کر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر آگئے ہیں، جوئے روٹ تین درجے تنزلی کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں، کوانٹن ڈی کاک، فاف ڈوپلیسی، کین ولیمسن اور شیکھر دھون بدستور ساتویں، آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔


انگلش ٹیم کے جونی بیئراسٹو 4 درجے ترقی کے ساتھ 11 ویں، پلیئر آف دی سیریز جوز بٹلر دو درجے بہتری کے ساتھ 16 ویں جبکہ جیسن رائے تین درجے آگے آتے ہوئے 20 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، ایک ایک درجہ بہتری کے ساتھ الیکس ہیلز 22 ویں اور ایون مورگن 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بولنگ میں عادل رشید 3 درجے بہتری کے ساتھ 8 ویں جب کہ معین علی 13 درجے کی لمبی چھلانگ کے ساتھ 12 ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں، مارک ووڈ کی 28 ویں اور ڈیوڈ وائلی کی 43 نمبر پر ترقی ہوئی ہے۔
Load Next Story