نیب نے چوہدری نثار کے مدمقابل ن لیگ کے امیدوار کو گرفتار کرلیا

قمر الاسلام کی گرفتاری افسوس ناک ہے، نواز شریف

قمرالاسلام این اے 59 سے چوہدری نثار کے مدمقابل (ن) لیگ کے پلیٹ فارم سے انتخاب لڑرہے ہیں (فوٹو: فائل)

SYDNEY:
نیب نے صاف پانی کیس میں چوہدری نثار کے مدمقابل ن لیگ کے انتخابی امیدوار قمر الاسلام کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے صاف پانی کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما قمر الاسلام اور سابق سیکرٹری وسیم اجمل کو گرفتار کرلیا۔نیب کے ترجمان نے دونوں افراد کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔ دونوں ملزمان کو کل احتساب عدالت کے روبرو جسمانی ریمانڈ کے کے لیے پیش کیا جائے گا۔

وسیم اجمل صاف پانی کمپنی میں بطور سی ای او بھی تعینات رہے ہیں جب کہ قمرالاسلام قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 59 سے ناراض لیگی رہنما چوہدری نثار علی خان کے مدمقابل (ن) لیگ کے پلیٹ فارم سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔

یہ پڑھیں؛ مسلم لیگ(ن) نے چوہدری نثار کے مقابلے میں اپنے امیدوار میدان میں اتار دیے

نیب کے مطابق ملزم انجینئر راجہ قمر الاسلام پر 84 واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر مہنگے داموں دینے کا الزام ہے، واٹر پلانٹس میں 56 آر او پلانٹس اور 28 الٹرا فلٹریشن پلانٹس شامل ہیں یہ واٹر پلانٹس چار تحصیلوں حاصل پور، منچن آباد، خان پور اور لودھراں میں لگائے جانے تھے۔ ملزم نے بدنیتی کے ذریعے نیلامی کے کاغذات میں مالی تخمینہ بڑھا کر ظاہر کیا اور مہنگے داموں ٹھیکا کمپنی کو دیا۔

ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ ملزم قمر الاسلام نے مبینہ طورپر 102 واٹر فلٹریشن پلانٹس کا ٹھیکہ کے ایس بی پمپس کو مہنگے داموں دیا۔ ملزم نے 102واٹر پلانٹس کا ٹھیکہ بورڈ آف ڈائریکٹر سے منظور کروایا بلکہ ٹھیکے کے کاغذات میں تبدیلیاں کیں۔


یہ بھی پڑھیں: چوہدری نثار آزاد حیثیت سے الیکشن جیتیں گے، شیخ رشید

نیب کے مطابق سابق سی ای او صاف پانی کمپنی وسیم اجمل نے 8 فلٹریشن پلانٹس غیر قانونی طور پر تحصیل دنیا پور میں لگائے جبکہ متعلقہ علاقہ کنٹریکٹ میں شامل نہ تھا، ملزم نے کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹ سے ملی بھگت کر تے ہوئے معاہدے کی شقوں میں ردوبدل کیا، ملزم کی جانب سے علی اینڈ فاطمہ پرائیویٹ لمیٹڈ کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بغیر غیر قانونی طور پر 24 اعشاریہ 7 ملین کی رقم فراہم کی، ملزم نے یہ رقم آفس کی کرایے کی مد میں ادا کی جبکہ اس آفس کا قبضہ ہی حاصل نہ کیا گیا تھا۔

ترجمان نیب نے کہا کہ اسی طرح ملزم وسیم اجمل کی صاف پانی کمپنی میں بطور سی ای او تعیناتی غیر قانونی تھی ان کی تعیناتی مبینہ طورپر بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے کی گئی۔ ملزم وسیم اجمل نے پراجیکٹ بڈنگ کے بعد غیر قانونی طور پر صاف پانی کمپنی کے کاغذات میں تبدیلیاں کیں ملزم کا یہ اقدام پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014ء کی سخت خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ ن لیگ کے ناراض رہنما و سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے این اے 59 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے جواب میں اس حلقے سے ن لیگ نے بھی اپنا امیدوار کھڑا کردیا ہے۔

قمر الاسلام کی گرفتاری پر دکھ ہوا، نواز شریف

دوسری جانب نواز شریف نے قمر الاسلام کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوس ناک واقعہ قرار دیا ہے۔

لندن میں میڈیا سے بات چیت کرنے کے دوران ایک صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا اور کہا کہ قمر الاسلام کو نیب نے گرفتار کرلیا ہے جس پر سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مجھے اس بات کا ابھی پتا چلا ہے یہ بہت افسوس ناک ہے سن کر دکھ ہوا اس حوالے سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
Load Next Story