ملائیشیا کی کراچی کے واٹر سیکٹر میں سرمایہ کاری کی پیشکش

چیف رین ہل ہولڈنگزبرہاڈکی سربراہ ایس بی آئی سے ملاقات، کمپنی پروفائل سے آگاہ کیا

ناہید میمن نے ملائیشن کمپنی سے جوائنٹ وینچر کے لیے واضح مفصل اور موثر پلان مانگ لیا (فوٹو: فائل)

ملائیشیا کے پاور واٹر ٹریٹمنٹ اور ماحولیات کے شعبوں میں خدمات انجام دینے والی سرفہرست ادارے میسرز رین ہل ہولڈنگز برہاڈ کے سربراہ ہاتارتن نے کراچی میں پانی کی فراہمی اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کر دی۔

پیر کو سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی چیئر پرسن ناہید میمن سے وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ ملائیشیا میں پانی، ماحولیات اور بجلی کے شعبے میں وسیع خدمات انجام دے رہا ہے اور پانی کی فراہمی، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے منصوبوں اور ان میں تکنیکی خدمات فراہم کرنے کا بھی وسیع تجربہ رکھتا ہے، ملائیشیا کی اسٹیٹ صباح میں کمپنی نے2 پاور پلانٹ نہ صرف ڈیولپ کیے بلکہ ان پلانٹس کو کامیابی کے ساتھ آپریٹ بھی کر رہی ہے، کمپنی 3ہزار سے زائد ملا زمین کی حامل ہے اور ملائیشین اسٹاک ایکس چینج میں درج ہے۔


ایس بی آئی چیئرپرسن ناہید میمن نے کہا کہ کراچی میں پینے کے پانی کی قلت اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ بڑا مسئلہ ہے، چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے قائم کردہ واٹر کمیشن پانی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات عمل میں لارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ملائیشن کمپنی کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جاسکتاہے۔

انہوں نے ملائیشین کمپنی کو واضح لائحہ عمل مرتب کر کے موثر پلان پیش کرنے کو کہا تاکہ کمپنی کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی کے پانی کی ٹریٹمنٹ، واٹرسپلا ئی اور نکاسی کے نظام کی تنصیب اور اس ضمن میں بلنگ کا موثر نظام وضع کرسکے۔

کمپنی نے مذکورہ اجلاس کے بعد کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کی جس کے بعد کمپنی کے وفد نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز دھابے جی، گھارو، چلیا اور دیگرمقامات کا دورہ کیا۔
Load Next Story