کراچی سے متعلق تضحیک آمیز بیان پر شہباز شریف سے معافی مانگنے کا مطالبہ

کراچی کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے اور اس کو نوچنے کے لیے ہرکوئی یہاں آجاتا ہے، فاروق ستار

شہباز شریف نے کراچی کو "کرانچی" کہہ کر اہل زبان کا مذاق اڑانے کی کوشش کی، عمران اسماعیل: فوٹو: فائل

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستاراور پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے شہبازشریف سے گزشتہ روز کے بیان پرمعافی مانگنے کا مطالبہ کردیا ہے۔



سابق وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کے گزشتہ روزکے بیان پر ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ فاروق ستارکا کہنا تھا کہ اہلیان کراچی سے متعلق شہبازشریف کا بیان ہتک آمیزہے، شہبازشریف کوزبان اورالفاظ کے استعمال میں خیال برتنا چاہیے، شہبازشریف کے لب ولہجے میں تکبراورغرور جھلک رہا تھا جواللہ کو بھی پسند نہیں۔


فاروق ستارنے کہا کہ شہبازشریف کو جب ووٹ چاہیے توانہیں کراچی یاد آیا، اپنے دوراقتدارمیں (ن) لیگ نے کراچی اور اس کے عوام کو کیا دیا، کراچی کے وسائل پر ڈاکہ اور اس کو نوچنے کے لیے ہر کوئی یہاں آ جاتا ہے، شہبازشریف مردوں کی طرح کراچی کی حلقہ بندیوں اورمردم شماری میں کی گئی نا انصافی پر بات کریں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کسی خلائی مخلوق کو نہیں جانتا قرآن میں جنات کا ذکر ہے



دوسری جانب تحریک انصاف کے عمران اسماعیل کی جانب سے ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ شہبازشریف نے کراچی کو "کرانچی" کہہ کر اہل زبان کا مذاق اڑانے کی کوشش کی، اہل کراچی کو "پان" کا طعنہ دے کر شہباز شریف نے طنز کے نشتر برسائے، "پان" ہماری ثقافت کا حصہ ہے، شہباز شریف تضحیک اور توہین کرکے اہل کراچی پر حکومت کے خواب دیکھ رہے ہیں، ان کو علم نہیں کراچی والے بانیان پاکستان کی اولاد ہیں۔ شہبازشریف کے پاس اب کراچی سے انتخاب لڑنے کی کوئی گنجائش نہیں، انہیں کراچی سے شکست فاش ہوگی ۔
Load Next Story