امریکی فٹبالراورکوچزکے پاکستان میں کوچنگ سیشنز

امریکی کھلاڑی روس میں جاری عالمی کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے حوالے سے شیڈول تقاریب میں بھی شریک ہوں گے

 نوجوان پلیئرزکی مہارت اورقائدانہ صلاحیتوں کی استعداد میں اضافہ کرنا مقصد ۔ فوٹو : فائل

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی فٹبالر اور کوچز کی جانب سے مقامی کھلاڑیوں کی مہارتوں میں اضافہ کے لیے کاوشوں کا سلسلہ جاری ہے۔


امریکی حکومت کے تحت امریکی فٹبال ٹیم کا حصہ رہنے والے سابق کھلاڑی ٹونی سانے اور لوری فئیرایلن مقامی کوچز اور کھلاڑیوں کی مدد اور تعاون سے روزانہ کی بنیاد پر کلینک اور سیشن منعقد کر رہے ہیں، اس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی مہارت اور قائدانہ صلاحیتوں کی استعداد میں ا ضافہ کرنا ہے تاکہ وہ معاشرے کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرسکیں، یو ایس اسپورٹس ڈپلومیسی کا حصہ ہونے کے ناطے 24 جون کو اسلام آباد اور نواحی علاقوں سے شروع ہونے والا یہ پروگرام یکم جولائی تک جاری رہے گا، اس ضمن میں امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف ایجوکیشن اینڈ کلچرل افیئرز کے زیر اہتمام پاکستان کے نوجوانوں کے ساتھ خواتین فٹبالرز کی بھی رہنمائی کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکی کھلاڑی کراچی میں بھی مختلف مقامی کلبز اور اکیڈمیز سے وابستہ ابھرتے ہوئے فٹبالرز اور ویمن فٹبالرز کو تکنیکی رہنمائی فراہم کریں گے، مقامی فٹبالرز کے لیے جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو تربیتی پروگرامز کا اہتمام کیا گیا ہے، پاکستان میں خواتین فٹبالرز کی تربیت میں نمایاں مقام رکھنے والی سعدیہ شیخ کی دیا ویمن فٹبال کلب کی کوچز رخسار راشد، آسیہ، تبسم، کرن قریشی، عروسہ نواز اور اظہر علی سہ روزہ تربیتی نشستوں میں امریکی فٹبالرز کی معاونت کریں گی، دوسری جانب مذکورہ امریکی فٹبالرز پاکستان یو ایس المنائی نیٹ ورک کے ارکان سے بھی سوشل میڈیا کے توسط سے روابطی نشست کریں گے، امریکی کھلاڑی روس میں جاری عالمی کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے حوالے سے شیڈول تقاریب میں بھی شریک ہوں گے۔
Load Next Story