فٹبال ورلڈکپ میں برازیل اور نیمار کا کھویا ہوا اعتماد بحال

سرب دیوار گراتے ہی ٹیم کی نگاہیں سیدھی گولڈن ٹرافی پر مرکوز ہوگئیں

پیر کو لاسٹ 16 میں میکسیکوسے سامنا، سوئٹزرلینڈاورسوئیڈن مدمقابل۔ فوٹو : فائل

برازیل اور نیمار کا کھویا ہوا اعتماد بحال ہوگیا، سرب دیوار گراتے ہی ٹیم کی نگاہیں سیدھی گولڈن ٹرافی پر مرکوز ہوگئیں۔

برازیل کو ٹورنامنٹ کے آغاز پر چھٹی میگا ٹرافی کیلیے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا،مگر آغاز پر ہی سوئٹزرلینڈ سے ڈرا میچ اور پھرکوسٹا ریکا پر بمشکل 2-0 کی کامیابی نے ٹیم کو مشکلات سے دوچار کردیا، دفاعی چیمپئن جرمنی کی طرح پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونے کی خفت سے بچنے کیلیے اسے بدھ کی شب سربیا سے میچ کم سے کم ڈرا کرنا ضروری تھا۔

جنوبی امریکی ٹیم نے کسی بھی قسم کا خطرہ مول نہ لیتے ہوئے فلپ کوٹینہو اور تھیاگو سلوا کے گولز کی بدولت نہ صرف اپنے گروپ میں ٹاپ پر رہنے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ پورے اعتماد کے ساتھ پری کوارٹر فائنل میں جگہ بھی بنالی، اگرچہ اس مقابلے میں خود نیمار نے گول نہیں کیا تاہم تھیاگو کے گول میں ان کا کردار نمایاں تھا،اس لیے انھوں نے گیند کے جال میں جانے پر خوشیاں منائیں اور ساتھ میں ہاتھ کے اشاروں سے شائقین کو اور زیادہ شور مچانے کو کہا۔


میچ کے دوران 26 سالہ نیمار کے پاؤں میں کسی بھی قسم کی تکلیف کے آثار پیدا نہیں ہوئے، انھوں نے بھرپور مقابلہ کیا، کامیابی سے نہ صرف برازیل بلکہ خود نیمار کا بھی اعتماد بحال ہوگیا،اب ان کی نگاہیں ٹرافی پر مرکوز ہوچکی ہیں، جرمنی کے آؤٹ ہونے کے بعد اب ٹیم کے لیے باقی ایونٹ کو آسان قرار دیا جارہا ہے۔

برازیل کا پری کوارٹر فائنل میں میکسیکو سے پیر کو مقابلہ ہوگا۔ اسی گروپ ای کے دوسرے میچ میں سوئٹزرلینڈ اور کوسٹاریکا کا مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا تاہم سوئس ٹیم اگلے راؤنڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی تھی، سربیا اور کوسٹاریکا دونوں ہی ایونٹ سے باہر ہوچکے۔

سوئس ٹیم کو اب منگل کے روز پری کوارٹر فائنل میں سوئیڈن کا مقابلہ کرنا ہوگا تاہم اسے اپنے کپتان لیچسٹینر کا ساتھ میسر نہیں،انھیں ایونٹ میں دوسرا یلو کارڈ ملنے کی وجہ سے اگلے میچ سے معطل کردیا گیا ہے۔
Load Next Story