چیمپئنز لیگ ریئل میڈرڈ جیت کر بھی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر

کوچ مورینو کی دوران میچ ہینڈ بال پر ریڈ کارڈ نہ دکھانے پر انگلش ریفری پر تنقید

چیمپئنز لیگ :سیمی فائنل سیکنڈ لیگ میں انگلش ریفری ہاورڈ ویب جرمن سائیڈ ڈورٹمنڈ بورشیا کے گول کیپر رومان ویڈن فیلر کو یلو کارڈ دکھا رہے ہیں، بائیں جانب ریئل میڈرڈ کے رونالڈو گیند کو کک لگانے کیلیے تیار۔ فوٹو: اے ایف پی

ریئل میڈرڈ جیت کر بھی یوئیفا چیمپئنز لیگ ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگیا، اسٹارز پلیئرز سے سجے اسپینش کلب کو سیکنڈ لیگ سیمی فائنل میں اگرچہ 0-2 سے کامیابی ملی لیکن فرسٹ لیگ میں 1-4 سے فتحیاب ہونے والی جرمن سائیڈ بورسیا ڈورٹمنڈ نے ایگریگیٹ پر 3-4 کی فتح سے فائنل کھیلنے کا ٹکٹ پالیا۔

فیصلہ کن مقابلہ 25 مئی کو لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں ہوگا،ریئل میڈرڈ کے کوچ جوز مورینو نے دوران میچ مہمان پلیئر میٹس ہومیلز کو ہینڈ بال پر ریڈ کارڈ نہ دکھانے پر انگلش ریفری ہاورڈ ویب پر تنقید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوئیفا چیمپئنز لیگ سیکنڈ لیگ سیمی فائنل میں ریئل میڈرڈ نے جرمن ٹیم بورسیا ڈورٹمنڈ کو 0-2 سے ہرادیا لیکن یہ جیت اسے فائنل تک پہنچانے کیلیے ناکافی ثابت ہوئی، میچ کے دونوں گول کھیل کے دوسرے ہاف میں بنے

مقابلے کو دیکھنے کیلیے اسپین کے بادشاہ جون کارلوس بھی اسٹیڈیم آئے،آغاز پر ڈورٹمنڈ ٹیم دباؤ کا شکار رہی، کھیل کے چوتھے منٹ میں گونزالو ہیگوئن کا حملہ جرمن گول کیپر رومان ویڈن فیلر نے ناکام بنایا، 13ویں منٹ میں فرسٹ لیگ میں ڈورٹمنڈ کی جانب سے چاروں گول داغنے والے فارورڈ روبرٹ لیوان ڈوسکی کی لگائی ہوئی کک پر گیندکو رئیل میڈرڈ کے گول کیپر ڈیاگو لوپز نے روک لیا۔




14ویں منٹ میں ڈورٹمنڈ کے ماریو گوئٹزے کو انجرڈ ہونے پر میدان بدر ہونا پڑا، کرسٹیانو رونالڈو کی کاوش بھی رائیگاں گئی، میزبان کوچ مورینو کی جانب سے کھیل کے57ویں منٹ میں دو تبدیلیاں فیصلہ کن ثابت ہوئیں، انھوں نے کریم بینزیما اور کاکا کو ہیگوئن اور فابیو کوئنٹارو کی جگہ میدان میں اتارا، کریم نے کھیل کے 83ویں منٹ میں رئیل کا کھاتہ کھولا جبکہ اس کے پانچ منٹ بعد سرجیو راموس نے ٹیم کی برتری دگنی بنادی، اس کے بعد جرمن سائیڈ نے فائنل وسل تک مزید کوئی گول نہیں ہونے دیا۔

میچ کے اختتام پر رئیل میڈرڈ کے کوچ مورینو نے انگلش ریفری ہاورڈ ویب پر تنقید کی، انھوں نے کہا کہ انگلش آفیشل نے ہینڈبال کرنے والے ڈورٹمنڈ کے میٹس ہومیلز کو ریڈ کارڈ نہ دکھاکر فائنل کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔
Load Next Story