انتخابات کے وقت پر انعقاد کا بیان حصص مارکیٹ پہلی بار 19000 پوائنٹس کی حد عبور کرگئی

غیر ملکیوں اور انسٹی ٹیوشنز کی زبردست خریداری، انڈیکس 52 پوائنٹس کے اضافے سے ریکارڈ 19034 پر بند

395 میں سے 225 کمپنیوں کے بھاؤ میں اضافہ، مارکیٹ سرمایہ 23 ارب 39 کروڑ روپے بلند،14.7 کروڑ حصص کا لین دین. فوٹو: اے ایف پی/فائل

آرمی چیف کے الیکشن مقررہ وقت پر ہونے کے بیان، ملک میں 6 سال طویل وقفے کے بعد مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ نوعیت کی کمی اور افراط زر کی شرح 5.8 فیصد پرآنے کی اطلاعات پر غیرملکیوں اور انسٹی ٹیوشنز کی بڑھتی ہوئی خریداری سرگرمیوں کے مثبت اثرات جمعرات کو کراچی اسٹاک ایکس چینج پر بھی مرتب ہوئے جہاں تیزی کا تسلسل قائم رہنے سے ملکی تاریخ میں پہلی بارانڈیکس19000 کی حد عبور کرگیا.

ٹریڈنگ کے ابتدائی اوقات میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے ایک موقع پر 119.58 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی19100 کی حد بھی عبور ہو گئی تھی لیکن اس دوران بینکنگ سیکٹر میں ہونے والی پرافٹ ٹیکنگ نے تیزی کی شرح میں کمی اور19100 مذکورہ نئی حد زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی۔


تیزی کے باعث 57 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 23 ارب39 کروڑ10 لاکھ94 ہزار503 روپے کا اضافہ ہوا، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر36 لاکھ55 ہزار608 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبارکے تمام دورانیے میں تیزی کی لہر برقرار رہی کیونکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے11 لاکھ11 ہزار 515 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے25 لاکھ 44 ہزار94 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔



تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس52.11 پوائنٹس کے اضافے سے 19034.53 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 23.55 پوائنٹس کے اضافے سے 14664.29 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 68.93 پوائنٹس کے اضافے سے 33032.89 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت 24.43 فیصد رہا اور مجموعی طور پر14 کروڑ73 لاکھ61 ہزار360 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار395 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں225 کے بھاؤ میں اضافہ، 148 کے داموں میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Recommended Stories

Load Next Story