منصوبے کی رقم 5 ارب روپے ادا کرنے کے باوجود چند ہی پلانٹس لگائے گفے۔ فوٹو : فائل
چیئرمین نیب نے تھرپارکر، مٹھی اور چھاچھرو میں پانی کی فراہمی کے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اندرون سندھ تھرپارکر، مٹھی اور چھاچھرو میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ جس کے بعد نیب نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے من پسند کمپنی (پاک اوواسسز) کو450 آر او پلانٹ لگانے کا ٹھیکا دیا اور منصوبے کی طے شدہ رقم 5 ارب روپے بھی ادا کر دی گئی جب کہ کمپنی نے تاحال چند ہی پلانٹس لگائے اور وہ بھی مکمل طور پر فعال نہیں ہیں جب کہ لگائے گئے بیشتر آر او پلانٹس دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث بند ہوگئے۔
نیب اعلامیئے کے مطابق چیئرمین نیب نے تھر میں آر او پلانٹس کا پانی ٹینکروں پر فروخت ہونے کا بھی نوٹس لیا ہے جب کہ چیئرمین نیب نے حکم دیا ہے کہ تحقیقات کی جائے آراو پلانٹس کا منصوبہ مکمل ہونے سے قبل ہی کمپنی کو پوری رقم کیسے اور کیوں ادا کر دی گئی۔