ایشین اسکواش فرحان نے اونگ بینگ ہی کو اپ سیٹ شکست دے دی

ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پیش قدمی جاری، عامر اطلس اورناصر بخاری بھی کوارٹرفائنل میں پہنچ گئے۔

ویمنز مقابلوں میں ماریہ طور کی کامیابی۔ فوٹو: فائل

ایشین اسکواش چیمپئن شپ میں میزبان کھلاڑیوں کی پیش قدمی جاری ہے، فرحان محبوب نے ملائیشیا کے نمبر ون اونگ بینگ ہی کو اپ سیٹ شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔

عامر اطلس خان اور ناصر اقبال نے بھی فائنل8 راؤنڈ کی ٹکٹ پکی کرائی۔ ویمنز مقابلوں میں ماریہ طور بہترین 8 کھلاڑیوں کے گروپ میں شامل جبکہ دیگر تمام قومی پلیئرز ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں۔ اسلام آباد میں جاری ایونٹ میں پاکستان کے فرحان محبوب نے ملائیشین نمبر ایک کھلاڑی ونگ بینگ ہی کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کردیا، میچ میں ان کی فتح کا اسکور 4-11 ،3-11 اور 11-13 رہا۔ چین کے لیو ہانگ کانگ نے کویت کے عامر کو 11-13 ،3-11 اور 3-11 سے شکست دی۔ ایک اور مقابلے میں پاکستان کے ناصر اقبال نے کویتی علی بدر کیخلاف باآسانی 6-11 ،8-11 اور 4-11 سے فتح سمیٹی۔ کویت کے عبداﷲ نے دانش اطلس کو شکست دی۔




پاکستان کے فرحان زمان شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگئے، محمد نفیزون عدنان نے فرحان کیخلاف پہلا گیم 7-11 سے جیتا، دوسرا فرحان کے نام رہا بعد ازاں مہمان کھلاڑی نے 9-11 ،3-11 اور 9-11 سے فتح حاصل کی۔ پاکستان کے نمبر ون کھلاڑی عامر اطلس خان نے ہوم کورٹس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اردن کے احمد السراج کو 6-11 ،5-11 اور 8-11 سے مات دی۔ ملائیشیا کے محمد اشرف آزان نے پاکستان کے علی بخاری کو زیر کر لیا، نوجوان کھلاڑی نے پہلا گیم 9-11 سے جیتا، دوسرے میں 5 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس سے شکست ہوئی، تیسرے گیم میں محمد اشرف نے 2-11 سے فتح پائی، انھوں نے چوتھے گیم میں حریف کو 7-11 سے مات دیتے ہوئے میچ اپنے نام کرلیا۔

ہانگ کانگ کے میکس لی نے اردن کے احمدکو 4-11 ،2-11 اور 6-11 سے مات دی۔ ویمنز مقابلوں میں میزبان پلیئرز غیرملکی اسٹارز کے سامنے جم کر نہ کھیل پائیں، سوائے ماریہ طور کے سب کھلاڑی ایونٹ سے آؤٹ ہوگئیں، ملائیشین لیو وی نے سری لنکن مہلا کو 2-11، 4-11 ،2-11 سے مات دی۔ پا کستان کی نمبر ون پلیئرماریہ طور نے چین گیو جینے کو 5-11 ،4-11 اور 3-11 سے زیر کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ زویا خان ہانگ کانگ کی لیو لینگ سے 7-11 ،1-11 اور 9-11 سے شکست کھا کر مقابلوں سے باہر ہوگئیں۔
Load Next Story