توہین عدالت احسن اقبال نے غیر مشروط معافی مانگ لی

آپ عدالت میں کچھ اور باہر جاکر کچھ کہتے ہیں،آپکے رویے کا جائزہ لیں گے، جسٹس عاطر

آپ کے لیڈر ایک سیشن جج کے سامنے سو بار پیش ہو چکے، ابھی ہائیکورٹ، سپریم کورٹ باقی ہیں،جسٹس نقوی۔ فوٹو: فائل

لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ کے روبرو عدلیہ مخالف بیان بازی اور توہین عدالت کیس میں سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

عدالت نے کیس نمٹانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت احسن اقبال کے رویے کا جائزہ لے گی، یہاں آپ معافی مانگتے ہیں باہر نکل کر آپ اس لیڈر کے جیالے بن جاتے ہیں جو عدلیہ کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑے ہوئے ہیں۔


لاہورہائیکورٹ کے جسٹس سیدمظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پیر کوکیس کی سماعت کی، احسن اقبال نے عدالت میں تفصیلی تحریری جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ میں عدلیہ کی توہین کا تصور بھی نہیں کر سکتا، عدالت سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں۔

احسن اقبال کے وکیل نے عدالت سے کیس نمٹانے کی استدعا کی، عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس کیس کی سماعت عدالتی چھٹیوں کے بعد تک رکھ لیتے ہیں جس میں احسن اقبال کا رویہ دیکھا جائیگا، عدالت نے کیس کی سماعت انتخابات کے بعد 5 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

 
Load Next Story