لاہور میں طوفانی بارش مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق

شدید بارش کی وجہ سے لیسکو کے ساڑھے تین سو فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی

شدید بارش کی وجہ سے لیسکو کے ساڑھے تین سو فیڈرز ٹرپ کرگئے

شہر میں گزشتہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی بارش نے تباہی مچادی جب کہ مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

لاہور میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری بارش نے تباہی مچادی، شہر میں جاری شدید بارشوں کے باعث سڑکیں اور انڈر پاس تالاب کا منظر پیش کرنے لگے جب کہ مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے کے واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔



بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہربنس پورہ، باغبان پورہ، گڑھی شاہو اور مغل پورہ سے ملحقہ علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ ایم ڈی واسا زاہد عزیز کے مطابق واسا کا عملہ رات سے نکاسی آب میں مصروف ہے۔



لاہور میں جاری شدید بارش کی وجہ سے لیسکو کے ساڑھے تین سو فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔



محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے علاقے لکشمی چوک میں 243ملی میٹر، مصری شاہ میں 216، پانی والا تالاب میں 210، نشتر ٹاؤن میں 187، اپرمال میں 180اورمغل پورہ میں 185ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔




میئرلاہور کرنل(ر)مبشر کے مطابق لاہور میں 350 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 1980 میں لاہور میں 330 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔



دوسری جانب ریسکیو 1122 نے شہریوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے کشتی سروس کا آغاز کردیا۔



ارسا کے مطابق بارشوں کے بعد ڈیموں میں 4 سے 5 فٹ پانی کی سطح میں اضافہ ہوگا جس کے باعث آبی ذخائر میں کمی کے خدشات کم ہوجائیں گے۔



Load Next Story