چیف جسٹس سمیت کسی بھی جج کو اسپتالوں کے دورے نہیں کرنے چاہئیں بلاول

پنجاب میں پی پی امیدواروں کی وفاداریاں زبردستی تبدیل کروائی جا رہی ہیں، چیئرمین پی پی پی

مسلم لیگ (ن) نے سندھ کے وسائل ہڑپ کیے، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) پر سندھ کے وسائل ہڑپ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں دباؤ کے تحت ہمارے اراکین کی وفاداریاں تبدیل کی جارہی ہیں لیکن ہمیں اپنے امیداروں پربھروسہ ہے۔

حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ یہ میرا پہلا الیکشن ہے اور چند لوگ شہید بے نظیر کے بیٹے کو اتنی آسانی سے راستہ نہیں دینا چاہتے، اس قسم کا دباؤ ہر جگہ ڈالا جارہا ہے، پنجاب میں ہمارے امیدواروں کو دھمکی دی جاتی ہے کہ پیپلز پارٹی چھوڑو اور دوسری پارٹی میں شامل ہوجاؤ، لیاری اور سندھ بھر میں بھی ایسا ہو رہا ہے، پیپلزپارٹی کے لوگ کسی قسم کے دباؤ سے نہیں ڈرتے، ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں اور اپنے امیدواروں پر بھروسہ ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ چیف جسٹس جس طرح ایک ایک اسپتال کادورہ کرتے ہیں کیا یہ طریقہ درست ہے؟۔ بلاول نے جواب میں کہا کہ کسی بھی جج کو اس طرح کے فیصلے نہیں کرنے چاہئیں اور سب اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیئے۔


چیئرمین پی پی نے کہا کہ اس ملک میں ایسے لوگ بھی ہیں جو جمہوریت نہیں چاہتے، سندھ میں ہمارے خلاف ایک سازش کے تحت گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس بنایا گیا، جی ڈی اے جیسے الائنس ہر الیکشن میں بنائے جاتے ہیں لیکن ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا، جی ڈی اے ایک کٹھ پتلی الائنس ہے، ہم الیکشن میں ایسے نام نہاد اتحادوں کا مقابلہ کرنے آئے ہیں ۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے سندھ کے وسائل ہڑپ کیے، پاکستان کے عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، عوام کو یہ غرض نہیں کہ کسے کیوں نکالا، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جس نے عوام کے مسائل کو حل کیا، سید قائم علی شاہ اور مراد علی شاہ نے جتنے کام اپنے دور میں کیے اتنے کسی اور کے دور میں نہیں ہوئے، ابھی بہت سارا کا م باقی رہتا ہے،بہت سارے مسائل حل کرنے ہے، میں سیاست میں کرسی کے لئے نہیں اپنی شہید ماں کے نامکمل مشن کو پورا کرنے آیا ہوں، سندھ میں عوام کے مسائل کوحل کرنے کے لیے وفاق کو سندھ کا بجٹ اور وسائل دینے پڑیں گے۔

Load Next Story