مولانا فضل الرحمان کی کالعدم تحریک طالبان سے سیاسی جماعتوں پر حملے نہ کرنے کی اپیل

پی پی پی ، ایم کیو ایم اور اے این پی اخلاقی جواز کھو چکے ہیں، وہ کسی صورت میں حکومت نہیں بنا سکتیں۔ فضل الرحمان

آصف زرداری نے انتخابات کے دوران فاٹا میں دھاندلی کا منصوبہ بنارکھا ہے اگر دھاندلی ہوئی تو پھر عالمی برادری سے رجوع کیا جائے گا۔ فضل الرحمان ۔ فوٹو: فائل

جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کالعدم تحریک طالبان سے سیاسی جماعتوں پر حملے نہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔


ڈیرہ اسماعیل خان میں انتخابی مہم کے حوالے سے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری نے گورنر خیبر پختونخوا کو فاٹا میں دھاندلی کا ٹاسک دے دیا ہے، ہمیں فاٹا میں الیکشن پر تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عام انتخابات میں فاٹا میں دھاندلی کی گئی تو پھر ہم عالمی برادری سے رجوع کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کالعدم تحریک طالبان سے سیاسی جماعتوں پر حملے نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کسی صورت میں ملتوی نہیں ہونے چاہئیں اگر ایسا ہوا تو یہ ہماری بدقسمتی ہو گی، ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی اخلاقی جواز کھو چکے ہیں، عوام نے تینوں سیاسی جماعتوں کو مسترد کر دیا ہے اوریہ جماعتیں کسی صورت آئندہ حکومت نہیں بنا سکتیں۔

Recommended Stories

Load Next Story