بولرز کی ناقص کارکردگی کے سبب شکست ہوئی عاقب جاوید

زمبابوے کیخلاف فتح کیلیے پاکستان کوزیادہ بہترکھیل پیش کرنا ہو گا،سابق پیسر

زمبابوے کیخلاف فتح کیلیے پاکستان کوزیادہ بہترکھیل پیش کرنا ہو گا،سابق پیسر۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے قومی ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف مایوس کن کارکردگی کا ذمہ دار بولرز کی ناقص کارکردگی کو قرار دے دیا۔

''ایکسپریس ٹریبیون'' سے بات چیت میں عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے پاس بہت سے نامور فاسٹ بولرز ہیں لیکن وہ بلی اسٹین لیک کی طرح موقع کی مناسبت سے بولنگ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے، حریف سائیڈ کے بولرز نے پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کی دھجیاں اڑا کررکھ دیں، ہمارے کھلاڑیوں کا شمار دنیا کے ٹاپ پلیئرز میں ہوتا ہے لیکن آسٹریلین بولرز نے جو ہماری ٹیم کے ساتھ کیا وہ زبردست تھا، کینگروز نے میچ کے دوران موقع کی مناسبت سے انتہائی عمدہ کارکردگی دکھا کر فتح اپنے نام کی۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ہم آسٹریلیا کے خلاف اس تیکنیک اور پاورکے ساتھ کھیل ہی نہیں سکے جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ ہم نے زمبابوے کیخلاف کیا تھا۔


زمبابوے کیخلاف شیڈول سیریزکے اگلے میچ کے حوالے سے عاقب جاوید نے کہا کہ میچ کا نیتجہ اپنے نام کرنے کیلیے سرفراز الیون کو زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، زمبابوے میچ میں کم بیک کرنے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے، ان کے بیٹسمینوں نے آسٹریلین بولرزکوخاصا ٹف ٹائم دیا اورمیزبان ملک ٹیم کی بیٹنگ ہمارے بولرز کیلیے بھی مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔

عاقب جاوید کا مزید کہناتھا کہ سیریز اپنے نام کرنے کیلیے ہمارے بیٹسمینوں اور بولرز کو غیر معمولی کھیل پیش کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ زمبابوے میں جاری سہ ملکی ٹوئنٹی20 سیریزکے دوران آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف 9 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی، آسٹریلین بولرز کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے قومی ٹیم 19.5 اوورز میں صرف116 رنز پر پویلین لوٹ گئی، اسٹین لیک نے 4 اوراینڈریو ٹائی نے 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ ہدف ایک وکٹ پر 10.5 اوورز پر حاصل کرلیا تھا۔

 
Load Next Story