ڈنڈے کے زور پر شریعت نافذ کرنے والوں کے آگے ہتھیار نہیں ڈالیں گے الطاف حسین

دہشت گردوں کی کارروائیوں کے باعث روشن خیال جماعتیں،مسلح افواج اورقانون نافذ کرنے والے ادارے مشکلات میں ہیں،الطاف حسین

ایک جانب طالبان حامی جماعتوں کو الیکشن مہم کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے تو دوسری جماعت اعتدال پسند جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے سے روکا جارہا ہے، الطاف حسین فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ڈنڈے کے زور پر شریعت نافذ کرنے والوں کے آگے ہتھیار نہیں ڈالیں گے، ایک جانب طالبان حامی جماعتوں کو الیکشن مہم چلانے کی کھلی اجازت ہے تو دوسری جانب اعتدال پسند جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے سے جبری روکا جارہا ہے۔


لندن سے سکھر کے ریلوے گراؤنڈ میں جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ آج ترقی پسند جماعتیں، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مشکلات میں ہیں، فوج اور پولیس پر حملے ہورہے ہیں لہٰذا وہ مسلح افواج سے کہتے ہیں کہ متحد ہوکر ان دہشت گردوں کا سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دفاتر پر مسلسل دھماکے کئے جارہے ہیں، مساجد اور درگاہوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن ان تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود ایم کیوایم ڈنڈے کے زور پر شریعت نافذ کرنے والوں کے آگے ہتیار نہیں ڈالے گی۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ ایک جانب طالبان حامی جماعتوں کو الیکشن مہم کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے تو دوسری جانب روشن خیال اوراعتدال پسند جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے سے جبری روکا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم اقتدار میں آئی تو ملک سے جاگیردارانہ، موروثی اور کرپٹ کلچر کا خاتمہ کردے گی اور مجھے یقین ہے کہ وہ دن ضرور آئے گا جب ایماندار اور متوسط طبقے کی حکمرانی ہوگی۔
Load Next Story