پاکستان خوبصورت اور محفوظ ملک ہے عالمی اسنوکر چیف

نوجوان ٹیلنٹ کو تربیت کے مواقع ملیں تو عالمی سطح پر اہلیت ثابت کرسکتے ہیں

نوجوان ٹیلنٹ کو تربیت کے مواقع ملیں تو عالمی سطح پر اہلیت ثابت کرسکتے ہیں۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن کے صدر جم لیسی نے کہاکہ پاکستان خوبصورت اور محفوظ ملک ہے۔

یہاں کے لوگ بہت پُرخلوص اور محبت کرنے والے ہیں، نوجوان ٹیلنٹ کو تربیت کے مواقع میسر ہوں تو وہ عالمی سطح پر اپنی اہلیت ثابت کرسکتے ہیں، پاکستان کو کوچز فراہم کرنے کے ساتھ ایونٹس کے انعقاد کیلیے انعامی رقم میں بھی تعاون کیا جائے گا، انھوں نے ان خیالات کا اظہار نمائندہ ''ایکسپریس'' سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن کی دعوت پر ایشین چیمپئن شپ کے مقابلے دیکھنے کے لیے اہلیہ کے ہمراہ آنے والے آئر لینڈ کے جم لیسی نے کہا کہ20 سال بعد دوسری مرتبہ یہاں آنا خوشگوار ہے، آمد کا مقصد پاکستان کے حوالے سے عالمی سطح پر منفی تاثر کو بھی زائل کرنا تھا، امید ہے کہ مستقبل میں یہاں مزید انٹرنیشنل ایونٹس منعقد ہوں گے۔




ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ایشین چیمپئن شپ میں پاکستانی میڈیا کی اسنوکر میں دلچسپی قابل فخر رہی،مقامی ٹیلنٹ کا معیار امید افزا ہے جس کا ثبوت پاکستان کے محمد آصف کا عالمی چیمپئن بننا ہے، مقامی کھلاڑیوں کو مناسب توجہ اور تربیت کی ضرورت ہوگی،ایسے پلیئرزکی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور تعاون کیا جائے گا، اسنوکر ٹیبلز کی فراہمی کے ساتھ کوچنگ اور ریفرنگ کورسزکی سہولت فراہم کی جائے گی، انھوں نے کہا کہ آئندہ پاکستان میں ہونے والے انٹر نینشل ایونٹس میں بھرپور مالی معاونت بھی کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئیں اور مقامی کھلاڑیوں میں بھی کھیل سے رغبت پیدا ہو۔

ایک سوال پر جم لیسی نے کہا کہ پوری دنیا میں اسنوکر تیزی سے فروغ پارہا ہے، 80 سے زائد ممالک فیڈریشن کے رکن ہیں جبکہ جلد ہی یہ تعداد بڑھ کر 100 ہو جائے گی،اولمپکس میں اسنوکر کی شمولیت کا امکان نہیں تاہم کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز میں شمولیت کی کوششیں جلد کارگر ثابت ہوں گی، انھوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اسنوکر میں خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائیگی،انھوں نے کہا کہ امیچر اور پروفیشنل اسنوکر کھلاڑیوں کو قریب لانے کی کوشش کی جارہی ہے، پروفیشنل اسنوکر میں 30 لاکھ ڈالرزکی سالانہ انعامی رقم اب80 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔
Load Next Story