لوہاری منڈی لاہور میں مسجد پٹولیاں

کھڑک سنگھ جب تک زندہ رہا امام مسجد کےلیے دس روپے ماہوار اعزازیہ مقرر کیے رکھا

مسجد پٹولیاں کو بہت قدیم بتایا جاتا ہے لیکن کوئی نہیں جانتا کہ اسے پہلے پہل کب تعمیر کیا گیا۔ (تصاویر بشکریہ بلاگر)

مسجد پٹولیاں لوہاری دروازے کے اندر لوہاری منڈی میں موجود ہے۔ اس مسجد کا درست سنِ تعمیر نہیں معلوم لیکن 1882 میں شائع شدہ کنہیا لال کی کتاب میں اتنا لکھا ہے کہ یہ مسجد ''پہلے بھی کئی سو برس سے بنی ہوئی ہے۔ 1282ہجری میں میاں عمرو دین اوورسیر محکمہ ہارک ماسٹری نے بہت سا روپیہ صرف کرکے اپنے دادا کے نام پر اس کی تجدید کی۔''

اس معلوم ہوتا ہے کہ یہ مسجد کافی قدیم ہے اور 1865 میں اس کی دوبارہ تعمیر ہوئی۔ نقوش ''لاہور نمبر'' میں درج ہے کہ اس ''مسجد کے درمیانی دروازے پر سنگ مرمر کی ایک سل نصب ہے جس پر اشعار لکھے ہوئے ہیں،'' لیکن مجھے ایسی کوئی سل مسجد میں نظر نہیں آئی۔ البتہ مسجد کے داخلی دروازے پر ایک تختی موجود تھی جس پر 1903 لکھا ہوا تھا۔



میں جب مسجد پہنچا تو مسجد بند تھی۔ معلوم ہوا کہ نماز کے وقت مسجد کھلے گی۔ اتفاقاً وہاں پر مسجد کے امام صاحب کے صاحبزادے سے ملاقات ہوگئی۔ ان سے درخواست کی کہ مسجد دیکھنا چاہتا ہوں تو انہوں دروازہ کھول دیا۔ مسجد تو اب جدید طرز پر دوبارہ تعمیر کی گئی ہے۔ پرانی عمارت اب موجود نہیں۔



اس مسجد کی مغربی جانب مہاراجہ کھڑک سنگھ کا محل تھا۔ کھڑک سنگھ کی حویلی کے ایک طرف کونے میں مسجد تھی۔ کھڑک سنگھ نے اپنی حویلی کی عمارت میں خم ڈال لیا مگر مسجد کو نہ گرایا۔ جب تک زندہ رہا امام مسجد کےلیے دس روپے ماہوار اعزازیہ مقرر کیے رکھا۔ 1846 میں انگریزی فوج کو یہاں ٹھہرایا گیا۔ بعد ازاں انگریز سرکار نے اس حویلی کو گرا کر اینٹیں اور پتھر فروخت کر ڈالے۔




مسجد کے قریب تاریخی کوچہ محلے داراں ہے جس میں ایک قدیم عمارت کے آثار موجود ہیں۔ اہل محلہ سے میں نے بہت پوچھا مگر کسی کو اس عمارت کے متعلق کچھ علم نہیں تھا۔ البتہ لوگوں نے معروف لوگوں کے گھروں کی نشاندہی کی جو یہاں کسی زمانے میں رہائش پذیر تھے۔ حاجی امیر الدین المعروف عینکوں والے، غلام غوث، حکیموں کی حویلی اور حاجی عبدالسلام صاحب کا گھر کوچہ محلے داراں میں تھا۔ کوچہ محلے داراں میں بھی ایک مسجد موجود ہے۔



کوچہ محلے داراں پہلے کوچہ بیلی رام سے جا کر ملتا تھا مگر اب خاصے عرصے سے یہ راستہ بند ہے۔ کوچہ محلے داراں کے رہائشی بہت خوش اخلاق ہیں۔ میں نے جس سے بھی کچھ پوچھنا چاہا اس نے میری یوں رہنمائی کی جیسے کہ اس کا فرض ہو۔ اہل محلہ کے برتاؤ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہاں کے لوگ مل جل کر رہتے ہیں۔ یہاں کے لوگ اب بھی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔



نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کردیجیے۔
Load Next Story