ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ زیادتی اور ناانصافی پر مبنی ہے شہبازشریف

نیب کا فیصلہ تاریخ میں سیاہ حروف میں لکھا جائے گا، شہباز شریف

نیب کے فیصلے کو مسلم لیگ(ن) اور عوام مسترد کرتے ہیں، شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیب کا فیصلہ زیادتی اور ناانصافی پر مبنی ہے جس کو عوام مسترد کرتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب کورٹ کا فیصلہ آچکا ہے جو سراسر زیادتی اور ناانصافی پر مبنی ہے، فیصلے کو مسلم لیگ(ن) اور عوام مسترد کرتے ہیں، نیب کا فیصلہ تاریخ میں سیاہ حروف میں لکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے مقدمے میں کوئی ٹھوس قانونی دستاویزات مہیا نہیں کی گئیں اور نہ ہی کوئی ثبوت فراہم کیے گئے۔


شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سالہا سال سے نیب کورٹ میں کیسز پڑے ہوئے ہیں لیکن پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے اور اربوں لوٹنے والوں کے خلاف نیب کورٹ نے کیا فیصلہ کیا، نوازشریف اور مریم نواز نے عدالت میں 109 پیشیاں بھگتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کا تحفہ نواز شریف نے پیش کیا، گوادر میں معاشی ترقی اور موٹرویز کے موجد نواز شریف ہیں، اقوام متحدہ میں کشمیر کا طاقتور مقدمہ نوازشریف نے ہی پیش کیا، نوازشریف نے قوم کی بے پناہ خدمت کی اور انہوں نے ہمیشہ جبر اور دباؤ کا مقابلہ خندہ پیشانی سے کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ نیب عدالت نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے مگر ایک عوامی عدالت بھی لگے گی، 25 جولائی کو عوامی عدالت میں عوامی فیصلہ ثابت کرے گا کہ عوامی عدالت کا فیصلہ ٹھیک ہے، نیب کورٹ کے فیصلے کے مقابلے میں عوامی فیصلہ زور سے گونجے گا جب کہ سب سے بڑی اللہ کی عدالت ہے جہاں سچ اور جھوٹ کا فیصلہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کے حصول کے لیے تمام آئینی اور قانونی راستے اختیار کریں گے جب کہ مسلم لیگ (ن) کے تمام امیدوار اپنے جلسوں میں پرامن احتجاج کریں گے۔
Load Next Story