ریٹرننگ افسران سے ضلعی انتظامیہ مکمل تعاون کریگی کمشنر

الیکشن میٹریل کی ترسیل اور عملے کے تحفظ کیلیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے

شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائیگا، شعیب احمد صدیقی کی زیر صدارت اجلاس۔

MUZAFFARABAD:
کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ الیکشن میٹریل کی پولنگ اسٹیشنوں تک ترسیل اور انتخابات سے متعلقہ عملے کے تحفظ کے لیے الیکشن والے روز11مئی کو خصوصی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو اپنے دفتر میں الیکشن 2013 کے انتخابات کے حوالے سے مختلف انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر کیا،اس موقع پر اجلاس میں ریجنل الیکشن کمشنر سندھ ،پولیس اور رینجرز کے افسران، ایڈیشنل کمشنر کراچی ون کامران شمشاد کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنوں کے مقامات پر انتخابی عملے، امیدواروں اور عوام کی حفاظت کے لیے ضلعی انتظامیہ کراچی اور پولیس افسران مشترکہ طور پر گشت کر یں گے،انھوں نے کہا کہ الیکشن کا انعقاد حساس اور قومی ذمے داری ہے، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے انتظامیہ مکمل تعاون کر رہی ہے اور انھیں ہر قسم کی سہولت دی جارہی ہے۔




اجلاس میں پولیس ، رینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے مابین رابطوں کو بڑھانے پر بھی غور کیا گیا جبکہ دہشت گردی اور تخریب کاری کے حوالے سے مختلف خدشات کے بارے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ الیکشن کے موقع پر سیکورٹی اور دیگر حوالوں سے ضلعی انتظامیہ کراچی، رینجرز اور پولیس کا حفاظتی پلان تیار کیا گیا ہے مگر اس پلان میں وقت اور حالات کے پیش نظر تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اجلاس کو اپنے اپنے محکمے کی جانب سے الیکشن کے موقع پر سیکورٹی کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلات بتائیں اجلاس میں اداروں کے مابین جبکہ خفیہ اور مفید معلومات کے تبادلوں پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔
Load Next Story