کمزور بیٹنگ کو قدموں پر کھڑا کرنے کی کوشش شروع

ایبٹ آباد میں آج پریکٹس میچ ہوگا، بیٹسمین رنز اسکور کریں تو بولرز کامیابیوں کا راستہ بنا سکتے ہیں، وسیم اکرم۔

ایبٹ آباد: قومی کرکٹ تربیتی کیمپ کے دوسرے روز سابق کپتان جاوید میانداد اوپننگ بیٹسمین ناصر جمشید کو کھیل میں بہتری کیلیے مشورے دے رہے ہیں۔۔ فوٹو: پی سی بی

قومی کرکٹ ٹیم کی کمزوربیٹنگ کو قدموں پر کھڑا کرنے کی کوشش شروع کردی گئی، تربیتی کیمپ کے دوسرے روز سابق کپتان جاوید میانداد پلیئرزکو سبق پڑھاتے رہے۔

مصباح الحق، ناصر جمشید، عمرامین اور اسد شفیق ان کی خاص توجہ کا مرکز بنے، ٹیل اینڈرز بھی اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم کی رہنمائی میں بطور بیٹسمین مزاحمت کے گُر سیکھتے رہے، وسیم اکرم نے فاسٹ بولرز کی کوچنگ کرنے کے ساتھ بیٹسمینوں کا حوصلہ بھی بڑھایا، سابق شہرہ آفاق پیسر نے ایونٹ میں پاکستان کی فتح کے امکانات روشن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹنگ لائن ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرے تو بولرز جیت کی راہ ہموار کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، اتوار کو40اوورز فی اننگز پرمشتمل پریکٹس میچ کھیلا جائے گا، فاسٹ بولر جنید خان اورمنیجر نوید اکرم چیمہ بھی کیمپ میں پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کیلیے جاری تربیتی کیمپ کے دوسرے روزپہلے سے ہی ایبٹ آباد میں موجود جاوید میانداد کے بعد وسیم اکرم بھی اسٹیڈیم پہنچے، دونوں سابق کپتان 4گھنٹے پر محیط ٹریننگ سیشن کے دوران کیمپ کی کمان سنبھال کر کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے رہے،اس دوران کوچ ڈیو واٹمور اور بولنگ کے شعبے میں معاون محمد اکرم نے زیادہ مداخلت مناسب نہیں سمجھی اور ایک طرف بیٹھ کر ساری سرگرمیاں دیکھتے رہے، فاسٹ بولر جنید خان نے دیگر کرکٹرز کو جوائن کرلیا جبکہ منیجر نوید اکرم چیمہ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں،یوں تو کھلاڑیوں نے بولنگ اور فیلڈنگ کی مشقوں میں بھی حصہ لیا تاہم زیادہ توجہ بیٹنگ پریکٹس پر رہی۔




 

میانداد نے ایک گھنٹے تک کپتان مصباح کی بیٹنگ دیکھتے ہوئے مفید مشورے دیے، بعد ازاں ناصر جمشید اور عمر امین کے ساتھ ان کا الگ سیشن ہوا،اسد شفیق نے دو گھنٹے تک پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھا، اس بار خلاف معمول ٹیل اینڈرز کی بیٹنگ صلاحیت بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، فاسٹ بولرز محمد عرفان ، جنید خان اور سعید اجمل نے بیٹ تھام کر اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم کی زیرنگرانی اپنا کھیل نکھارنے کی بھرپور کوشش کی، ایک ٹیم آفیشل نے بتایا کہ کھلاڑی خواہ11ویں نمبر پر کھیلنے کیلیے آئے بیٹسمین ہی کہلاتا ہے، اس کی بہتر بیٹنگ اور مزاحمت میچ کے نتیجے پر اثر ڈال سکتی ہے، موجودہ کرکٹ میں ٹیل اینڈرز کا بطور بیٹسمین کردار بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، دریں اثنا وسیم اکرم کا تمام فاسٹ بولرز کے ساتھ طویل سیشن ہوا،دوسری طرف فیلڈنگ کوچ جولین فائونٹین کھلاڑیوں کو مختلف ڈرلز کراتے رہے جبکہ وکٹ کیپر کامران اکمل کے ساتھ الگ سیشن ہوا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ8ملکی ٹورنامنٹ کیلیے متوازن اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا، مصباح الحق کو اسپیشلسٹ بیٹسمینوں، پیسرز، اسپنرز اور آل رائونڈرز کی خدمات حاصل ہیں، ایونٹ میں پاکستان کی فتح کے امکانات روشن ہوں گے، انھوں نے کہا کہ گرین شرٹس دنیا کی ہر ٹیم کو مات دینے کے صلاحیت رکھتے ہیں، فٹبال میں برازیل کی طرح ہمارے ہاں بھی قدرتی صلاحیتوں سے مال مال کرکٹرز کی کبھی کمی نہیں رہی، اسی لیے میں بڑے ایونٹس میں پاکستان کو ہمیشہ فیورٹس میں شمار کرتا ہوں تاہم مثبت نتائج حاصل کرنے کیلیے بیٹنگ کا ساتھ دینا ضروری ہے، انھوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بھی فتوحات کیلیے بولرز پر انحصار کیا جاتا تھا، بولنگ ہمیشہ سے ہی ہماری قوت رہی،اس بار بھی بیٹسمین رنز اسکور کریں تو بولرز کامیابیوں کا راستہ بنا سکتے ہیں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ انگلینڈ کی فلیٹ وکٹیں گرین شرٹس کو پرفارم کرنے کے بھرپور مواقع فراہم کریں گی، جاوید میانداد کی رہنمائی میں بیٹسمینوں کو اپنا کھیل نکھارنے کا بہترین موقع ملا ہے، انھوں نے کہا کہ عمر گل کی غیر موجودگی میں دیگر بولرز کی ناتجربہ کاری سے ٹیم کوکوئی فرق نہیں پڑے گا، میں نے انگلینڈ کی کنڈیشنز کو سامنے رکھتے ہوئے جنید خان اور محمد عرفان کو مفید مشورے دیے، دونوں کا مستقبل روشن ہے، پیسرز سخت محنت بھی کر رہے ہیں، اگر حکمت علی کے مطابق کھیلے تو بہترین پرفارم کرینگے۔وسیم اکرم نے ایبٹ آباد میں کیمپ کے انعقاد کو درست اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میں موسم خاصا گرم ہے، یہاں پُرفضا مقام اور گرین پچز پر کھلاڑیوں کو انگلینڈ سے ملتی جلتی کنڈیشنز میں پریکٹس کا موقع مل گیا۔ دریں اثنا ٹیم مینجمنٹ نے کیمپ میں موجود کھلاڑیوں کی دو ٹیمیں تشکیل دے کر اتوار کو 40،40اوورز پر مشتمل میچ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
Load Next Story