پریزائیڈنگ افسروں کو10 تا 12 مئی مجسٹریٹ کے اختیار مل گئے

سندھ میں ڈیوٹی سے انکار پر سرکاری ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کے احکام

کراچی میں 4200 فوجی اہلکار تعینات کیے جا چکے ہیں،سندھ میں ڈیوٹی سے انکار پر سرکاری ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کے احکام فوٹو: فائل

MUSCAT:
الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات پریزائیڈنگ افسران کو 3 روز کیلیے مجسٹریٹ درجہ اول کے برابر اختیارات دے دیے ہیں۔

جس کے تحت پریذائیڈنگ افسران انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو موقع پر سزا دے سکیں گے ۔کراچی میں 4200 سے زائد فوجی جوان اور اہلکار شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کیے جا چکے ہیں۔ سندھ میں ڈیوٹی سے انکار کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کے احکام جاری کردیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق تمام پریزائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات 10سے 12مئی تک حاصل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ انتخابی عملے کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے باعث ڈیوٹی انجام دینے سے معذوری ظاہر کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج مرتب کرنے اور اعلان کا طریقہ کار پریذائڈنگ اور ریٹرنگ افسران کو بھیج دیا ہے، پریذائڈنگ افسران پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی کے بعد رزلٹ شیٹس پولنگ اسٹیشنوں کے باہر آویزاں کریں گے۔


اس کے بعد نتائج متعلقہ ریٹرننگ افسران کو ارسال کیے جائیں گے، ریٹرننگ افسران تمام پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج موصول ہونے کے بعد رزلٹ شیٹس صوبائی الیکشن کمیشن کو ارسال کریں گے جہاں سے اس کی نقل الیکشن کمیشن آف پاکستان بھیجی جائے گی جہاں سے متعلقہ حلقے کا نتیجہ جاری کیا جائے گا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سندھ کے13اضلاع حیدرآباد، دادو، جام شورو، ٹھٹہ، بدین، میرپور خاص، ٹنڈ و الٰہ یار، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، تھر پار کر، عمر کوٹ، سانگھڑ اور بینظیر آباد کیلیے دستے روانہ کر دیے گئے ہیں۔



چاروں صوبوں میں الیکشن کمیشن اور فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی جاری ہے۔ لاہور سے نمائندے کے مطابق انتخابی ڈیوٹی سے غیرحاضر 4 ہزارملازمین ہفتے کو ریٹرننگ افسران کے سامنے پیش ہو گئے جس کے بعد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے 8 محکموں کے سربراہان کے خلاف جاری وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے ہیں۔ آن لائن کے مطابق انتخابی ڈیوٹی سے انکار پر متعدد سرکاری ملازمین کو ملازمت سے معطل کر دیا گیا ہے۔ اسٹاف رپورٹرکے مطابق حکومت سندھ کی درخواست پر اب تک کراچی میں 4200 سے زائد فوجی جوان اور اہلکار شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کیے جا چکے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی تعیناتی کا مرحلہ اتوار تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ اعجاز چوہدری نے تمام صوبائی محکموں کے سیکریٹریز کو ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایسے تمام سرکاری افسران اور ملازمین جن کی الیکشن کمیشن نے بحیثیت پریذائڈنگ آفیسر، اسسٹنٹ پریذائڈنگ آفیسر اور پولنگ آفیسر کے طور پر عام انتخابات کے لیے ڈیوٹیاں لگائی ہیں، یہ تمام ملازمین لازمی طور پر انتخابی عمل کی ٹریننگ میں شرکت کریں اور 11 مئی کو عام انتخابات کے موقع پر اپنی ڈیوٹیاں لازمی طور پر ادا کریں۔

Recommended Stories

Load Next Story