امریکا و بھارت سے متعلق پالیسی منتخب نمائندے بنائیں گےاورفوج پیروی کرے گی نواز شریف

کارگل جنگ میں ملوث جرنیلوں کےخلاف تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے گا اور اس کی رپورٹ بھارت کو بھی فراہم کریں گے، نواز شریف

ممبئی حملوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیئے، نواز شریف۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہاہے کہ فوج وفاقی حکومت کا ایک ادارہ ہے اور آرمی چیف وفاقی حکومت کے تحت کام کرتا ہے۔ اب امریکا اور بھارت سے متعلق پالیسی منتخب نمائندے بنائیں گے اور فوج اس کی پیروی کرے گی۔

بھارتی ٹی وی کو اپنے انٹرویو میں نواز شریف نے کہا کہ اگر وہ برسر اقتدار آئے تو کارگل جنگ میں ملوث جرنیلوں کے خلاف تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے گا اور اس کی رپورٹ منظرعام پر بھی لائی جائے گی۔ اس رپورٹ کی ایک نقل بھارت کو بھی فراہم کریں گے۔


سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مسئلہ بندوق کے زور پر حل نہیں ہوسکتا، دہشتگردی سے نمٹنے کےلئے مذاکرات سمیت تمام آپشنز کو استعمال کیا جانا چاہیئے اور اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر اس کا حل نکالنا ہوگا۔ ان کے پچھلے دور حکومت میں امریکا اور بھارت کے ساتھ تعلقات سمیت خارجہ پالیسیاں سول حکومت بناتی تھیں۔ اگر دوبارہ اقتدار میں آئے تو بھی ایسا ہی ہوگا۔ اب ایک بار پھر امریکا اور بھارت سے متعلق پالیسی منتخب نمائندے بنائیں گے اور فوج اس کی پیروی کرے گی۔

ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیئے۔ تاہم ڈیوڈ ہیڈلی کے ممبئی حملوں کے متعلق اعترافی بیان اور ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی سے قبل ان بیانات کی تصدیق بہت ضروری ہے۔
Load Next Story