ق لیگ کھلاڑی اور مداری سب مل کر مسلم لیگ ن پر حملہ آور ہو گئے ہیں نوازشریف

قوم سوچ سمجھ کر فیصلہ کرے،اگرووٹ کسی اور کو دیا تو ملک میں اندھیرے بڑھ جائیں گے، نواز شریف

نواز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کھاد میں کرپشن کی اورقوم کا پیسہ لوٹا، حکومت نے 5 سال میں 60 سال کے برابر قرضے لئے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

مسلم لیگ (ن) کے صدرمیاں نواز شریف نے کہا کہ ق لیگ، کھلاڑی اور مداری سب مل کر مسلم لیگ ن پر حملہ آور ہو گئے ہیں، مجھے ووٹ اور اقتدار کا لالچ نہیں، میرا ملک مشکل اور مصیبتوں میں گھرا ہوا ہے اور ملک کا خزانہ خالی ہے، مجھے ملک کو ان مشکلات کے بھنور سے نکالنا ہے۔

تلہ گنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہمارے دور میں غربت، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ نہیں تھی، نہ خود کش دھماکےہوتے تھے اور نہ ہی قتل و غارت گری تھی، ہمارے دور حکومت میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کو دیکھ کر دوسرے ممالک کو حسرت ہوتی تھی۔ نواز شریف نے کہا کہ مشرف اگر ہماری حکومت ختم نہ کرتا تو یہ خطہ جنت بن چکا ہوتا اور بے روز گاری کا خاتمہ ہو چکا ہوتا، ضائع ہونے والے 13 سالوں میں قومی کی خدمت کرنا چاہتا تھا،انہوں نے کہا کہ کسی ایٹمی ملک میں 18، 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، عوام مشرف سے پوچھیں کہ ملک کو کیوں اندھیروں میں دکھیلا۔


نواز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کھاد میں کرپشن کی اورقوم کا پیسہ لوٹا، حکومت نے 5 سال میں 60 سال کے برابر قرضے لئے، انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی آتی نہیں لیکن بل تین گنا زیادہ آتا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ شہباز شریف نے بجلی کے بحران کے لئے کچھ نہیں کیا، لیکن شہباز شریف کے پاس بجلی پیدا کرنے کے لئے کچھ نہیں تھا، بجلی بنانے کی زمہ داری یوسف رضا گیلانی اورصدر زرداری کی تھی۔

اس سے قبل میانوالی کے علاقے پیپلاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو سنجیدہ قیادت کی ضرورت ہے مداریوں ، اناڑیوں اور کھلاڑیوں کی نہیں،انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف کرکٹ نہیں کھیلی، ایٹم بم بھی بنایا ہے۔ ان کے دور حکومت میں ملک کی تقدیر بدل رہی تھی، بے روزگاری اور غربت ختم ہورہی تھی، اقتصادی ترقی کی دوڑ میں بھارت بھی ہمارے پیچھے تھا، بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے 6 حملے کئے، سبز پرچم اور ملکی پاسپورٹ کی عزت ہورہی تھی لیکن آج ملک انتہائی خراب دور سے گزر رہا ہے، ہم ایک ایٹمی ملک ہیں اور یہاں لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔اسی لئے وہ کہتے ہیں کہ 11 مئی انتخابات کا دن نہیں پاکستان کی تقدیر بدلنے کا دن ہے، عوام کاغذ پر نہیں ملک کے مقدر پر مہر لگائیں گے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے بجلی کا بحران پیدا کرکے قوم پر ظلم کیا اور زرداری صاحب نےاس میں مزید اضافہ کیا، ان کے پاس کچھ کہنے کو کچھ نہیں تو مسلم لیگ (ن)، نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف اشتہار چلاتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کئے خلاف یہ مداری ، اناڑی اور کھلاڑی ایک ہوگئے ہیں لیکن 11 مئی کو عوام متحد ہوکر ان سے حساب لے گی۔ مسلم لیگ (ن) ہی ہے جو ملک کے بحرانوں کا خاتمہ کرے گی کیونکہ اس جماعت ہی کے پاس ملک کے لئے کام کرنے والے ماہرین اور حکمت عملی ہے اسی کے بل بوتے پر ہم نے اپنے دور حکومت میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا۔ اور اگر آئندہ بھی انہیں خدمت کا موقع ملا تو ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ میں گامزن کریں گے۔ باقی تمام جماعتوں کے پاس دعوؤں کے علاوہ کچھ نہیں۔ قوم سوچ سمجھ کر فیصلہ کرے،اگرووٹ کسی اور کو دیا تو ملک میں اندھیرے بڑھ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرکے ملک کی تقدیر بدل دیں گے، نوجوان ن لیگ کو ووٹ دیں، ہم نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے۔
Load Next Story