العزیزیہ ریفرنس بھی اختتامی مراحل میں داخل سماعت آج ہو گی

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء پر جرح کریں گے

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء پر جرح کریں گے۔ فوٹو : فائل

احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف، حسین نواز اور حسن نواز کیخلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس بھی اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا، ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیرآج کریں گے۔

العزیزیہ ریفرنس میں آج استغاثہ کے گواہ اور جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث ایڈووکیٹ جرح کریں گے، سابق وزیراعظم بیرون ملک ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہونگے۔


نیب کی طرف سے سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہونگے جبکہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء بھی عدالت میں پیش ہونگے اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی طرف سے ان پر گزشتہ کئی سماعتوں سے جاری جرح کو آگے بڑھایا جائے گا۔

واجد ضیاء پر جرح مکمل ہونے کے بعد نیب کے تفتیشی افسر کا بیان قلمبند کیا جائے گا جس کے بعد اس ریفرنس میں بھی استغاثہ کے گواہ مکمل ہوجائیں گے جس کے بعد عدالت ملزمان کو اپنے حق میں گواہ پیش کرنے کا حکم دے گی اگر ایون فیلڈ ریفرنس کی طرح نواز شریف کی طرف سے اس ریفرنس میں بھی اپنے حق میں گواہ نہ پیش کئے گئے تو اس ریفرنس کا عدالتی ٹرائل مکمل ہوجائے گا اس کے بعد عدالت فیصلہ سنائے گی۔

 
Load Next Story