امریکی فٹبالرز کا دورۂ پاکستان مکمل ہوگیا

ٹونی سانے، لوری فیئر نے پلیئرز کی مدد و تعاون کیلیے روزانہ کی بنیاد پر سیشنز منعقد کیے

ٹونی سانے، لوری فیئر نے پلیئرز کی مدد و تعاون کیلیے روزانہ کی بنیاد پر سیشنز منعقد کیے۔ فوٹو: فائل

LONDON:
امریکی فٹبالرز کی جانب سے مقامی کھلاڑیوں کی مہارتوں میں اضافے کے لیے کاوشوں پر مشتمل دورۂ پاکستان مکمل ہوگیا.

امریکی حکومت کے تحت امریکی فٹبال ٹیم کا حصہ رہنے والے سابق کھلاڑیوں ٹونی سانے اور لوری فیئر ایلن نے مقامی کوچز اور کھلاڑیوں کی مدد و تعاون سے روزانہ کی بنیاد پر کلینک اور سیشن منعقد کیے، اس کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی مہارت اور قائدانہ صلاحیتوں کی استعداد میں اضافہ کرنا تھا تاکہ وہ معاشرے کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرسکیں، یو ایس اسپورٹس ڈپلومیسی کا حصہ ہونے کے ناطے24 جون کو اسلام آباد اور نواحی علاقوں سے شروع ہونے والا یہ پروگرام کراچی میں اختتام کو پہنچ گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف ایجوکیشن اینڈ کلچرل افیئرز کے زیر اہتمام پاکستان کے نوجوانوں کے ساتھ خواتین فٹبالرز کی بھی رہنمائی کا سلسلہ جاری رہا، امریکی کھلاڑیوں نے کراچی کے مختلف مقامی کلبز اور اکیڈمیز سے وابستہ ابھرتے ہوئے فٹبالرز اور ویمن فٹبالرز کو تیکنیکی رہنمائی فراہم کی۔

پاکستان میں خواتین فٹبالرز کی تربیت میں نمایاں مقام رکھنے والی سعدیہ شیخ کے دیا ویمن فٹبال کلب کی کوچز رخسار راشد، آسیہ تبسم، کرن قریشی، عروسہ نواز اور اظہر علی نے سہ روزہ تربیتی نشستوں میں امریکی فٹبالرز کی معاونت کی۔


اس دوران دیا ویمن فٹبال کلب کی50 ویمن فٹبالرز کو ٹریننگ فراہم کی گئی جن میں حیدرآباد برانچ کی 20 ویمن فٹبالرز بھی شامل تھیں، بعدازاں انھوں نے پاکستان اسپیشل اولمپکس سے تعلق رکھنے والے اسپیشل بچوں کو بھی فٹبال کے رموز سکھائے، اس موقع پر یونیفائیڈ فٹبال میچ کا بھی اہتمام کیا گیا، گلگت سے آنے والی صالحہ کے ساتھ سارہ امین، عفت اور یاسین احمد نے معاون کوچز کی ذمہ داریاں نبھائیں، اس موقع پر رونق لاکھانی اور دانیال علوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

کراچی میں امریکہ کی قونصل جنرل جواین ویگنر نے تربیت پانے والے کھلاڑیوں کے جذبے کو سراہا اور ان کی عمدہ صلاحیتوں کے اظہار پر داد بھی دی، انھوں نے معاونت کرنے والے معاون کوچز و دیگر عملے کے ساتھ امریکی فٹبالرز کا بھی خصوصی شکریہ اداکیا۔

قبل ازیں امریکی فٹبالرز نے پاکستان یو ایس المنائی نیٹ ورک کے ارکان سے بھی سوشل میڈیا کے توسط سے روابطی نشست میں شرکت کی اور عالمی کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے حوالے سے تقاریب میں بھی شریک ہوئے۔

 
Load Next Story