بیٹنگ پر دھیان مرکوز رکھنے کیلیے گانے گانا دھونی کی مجبوری

خواب میں بھی ٹنڈولکر کے ساتھ کھیلنے کا نہیں سوچا تھا، روڈی ویبسٹر کی کتاب میں انکشافات

خواب میں بھی ٹنڈولکر کے ساتھ کھیلنے کا نہیں سوچا تھا، روڈی ویبسٹر کی کتاب میں انکشافات۔ فوٹو: فائل

بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی دوران بیٹنگ اپنی توجہ کو منتشر ہونے سے بچانے کیلیے گانے گنگناتے رہتے ہیں۔

ٹنڈولکر کے ساتھ کھیلنے کا کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا، ٹیم مین ہوں، سب کو ساتھ لیکر چلناچاہتا ہوں، اس بات کا انکشاف سابق ویسٹ انڈین ٹیم منیجر روڈی ویبسٹر نے اپنی نئی کتاب 'تھنک لائک آ چیمپئن ' میں کیا ہے، ویبسٹر 2006-07 میں بطور ماہر نفسیات بھارتی ٹیم کے ساتھ بھی منسلک رہ چکے ہیں، رائٹر کے مطابق دھونی آرمی میں جانے کی سوچ رکھتے ہیں اس کے علاوہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے آبائی شہر رانچی میںکرکٹ اکیڈمی بھی قائم کرنا چاہتے ہیں، کتاب میں دھونی کے حوالے سے کہاگیا ہے کہ بیٹنگ کے دوران اکثر میرے ذہن میں کئی قسم کے خیالات آتے ہیں لیکن میں جلد ہی اپنی توجہ سامنے سے آنے والی گیند کی جانب مرکوز کرلیتا ہوں اور اس میں گیت گنگنانا مجھے خاصا مددگار ثابت ہوتا ہے۔




اس کے برعکس راہول ڈریوڈ اور وینکٹ لکشمن نے اس موضوع پر کہا کہ وہ اپنی پوری توجہ اسٹروکس کھیلنے پر قائم رکھتے ہیں، اسی طرح دھونی نے بتایا کہ میں اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتا رہتا ہوں، قائدانہ صلاحیت اور ٹیم ورک پر دھونی کا کہنا تھا میں خود کو ٹیم مین خیال کرتا ہوں، میں مشکل چیلنج کو بھی ساتھی پلیئرز کی مدد سے قبول کرلیتا ہوں، انھوں نے ماسٹر بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کو ٹیم کے تمام پلیئرز کیلیے رول ماڈل قرار دیا، ویبسٹر نے اپنی اس کتاب میں سابق پاکستانی آل رائونڈر وسیم اکرم کے علاوہ دنیا کے نامور کرکٹرز کے انٹرویو شامل کیے ہیں۔

 
Load Next Story