ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر ہنگامہ آرائی نواز شریف کے خلاف نعرے بازی

ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس کی بھاری نفری ایون فیلڈ ہاؤس پہنچ گئی

پولیس نے (ن) لیگ برطانیہ کے رہنما ناصر بٹ کو گرفتار کرلیا۔ فوٹو : فائل

برطانیہ میں نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر (ن) لیگی کارکنوں اور مخالفین کے درمیان شدید نعرے بازی ہوئی جس کے بعد ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لندن میں نوازشریف کی رہائش گاہ کے باہر (ن) لیگ کے حامی اور مخالفین آمنے سامنے آگئے، مخالفین نے نواز شریف کے خلاف نعرے بازی کی جس کے جواب میں نواز شریف کے حامیوں نے اُن کے حق میں نعرے لگائے۔ لندن میں نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر مقامی پولیس بھی پہنچ گئی، پولیس نے چند افراد کے موبائل فونز چھین لیے جو واقعے کی ویڈیو بنا رہے تھے اس دوران (ن) لیگی کارکنوں اور سیاسی مخالفین کے مابین تلخ کلامی بھی ہوئی۔




نواز شریف نے ہارلے اسٹریٹ اسپتال سے گھر واپسی پر 2 مرتبہ گاڑی تبدیل کی، برطانوی پولیس نے (ن) لیگ برطانیہ کے رہنما ناصر بٹ کو گرفتار کرلیا، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2 پاکستانی نوجوانوں عرفان احمد اور شعیب شہزاد سے موبائل فون چھینے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : لندن میں نواز شریف کے گھر ایون فیلڈ پر مشتعل مظاہرین کا حملہ، ویڈیو وائرل

حسین نواز، زکریا نواز، جنید صفدر اور شریف خاندان کے قریبی افراد ایون فیلڈ ہاؤس کی کھڑکی سے سارا منظر دیکھتے رہے اور ویڈیو بناتے رہے جب کہ ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس کی بھاری نفری ایون فیلڈ ہاؤس پہنچ گئی۔

Load Next Story