ہالی وڈ ہائی ٹیک انڈسٹری کے زوال کی ذمہ دار

فلم ساز ٹیکنالوجی کا منفی رُخ پیش کر رہے ہیں ٹیکنالوجی کمپنیوں کا شکوہ

امریکی ریاست کیلی فورنیا کی شہرت کے دو اہم ترین حوالے ’’ ہالی وڈ‘‘ اور ’’ سلیکون ویلی‘‘ ہیں۔ فوٹو : فائل

امریکی ریاست کیلی فورنیا کی شہرت کے دو اہم ترین حوالے '' ہالی وڈ'' اور '' سلیکون ویلی'' ہیں۔

ہالی وڈ، فلمی صنعت کا مرکز ہے جب کہ سلیکون ویلی ٹیکنالوجی کے ہیڈکوارٹر کی حیثیت رکھتا ہے۔ ہالی وڈ کیلی فورنیا کے شمالی اور سلیکون ویلی شمال مغربی حصے میں واقع ہے۔ جہاں ہالی وڈ میں بڑے بڑے فلم اسٹوڈیوز قائم ہیں وہیں سلیکون ویلی میں ٹیکنالوجی سے متعلق دنیا کی بڑی کمپنیاں واقع ہیں۔ اس امر میں کوئی شبہہ نہیں کہ ہالی وڈ کو پروان چڑھانے میں ٹیکنالوجی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

بہ الفاظ دیگر ہالی وڈ کی ترقی بڑی حد تک سلیکون ویلی کی مرہون منت ہے۔ ہالی وڈ کی سائنس فکشن اور اینی میٹڈ فلمیں جدید ٹیکنالوجی کے بغیر وجود میں نہیں آسکتی تھیں۔ تاہم جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس آلات تیار کرنے والی کمپنیاں ٹیکنالوجی کے ساتھ ہالی وڈ فلم سازوں کے منفی رویے سے تنگ آگئی ہیں۔


انٹرنیٹ کمپنی '' پے پال'' کے شریک بانی اور '' فیس بُک'' کے آغاز میں اس کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے والے پیٹر تھیئل نے گذشتہ دنوں ایک عالمی کانفرنس کے دوران ٹیکنالوجی کمپنیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ہالی وڈ پر شدید تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہالی وڈ کے فلم ساز اپنی فلموں میں ٹیکنالوجی کو '' تباہ کُن اور ناکارہ'' کے طور پر پیش کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں انھوں نے ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی تاریخ ساز فلم ''اوتار'' اور وارنر برادرز کی فلم '' دی میٹرکس'' کی مثالیں دیں۔

یہ حقیقت ہے کہ ہالی وڈ کے فلم ساز تسلسل کے ساتھ ٹیکنالوجی کو خطرناک اور انسان دشمن روپ میں پیش کرتے رہے ہیں۔ اس ضمن میں '' اوتار '' اور '' دی میٹرکس'' کے علاوہ سپرہٹ ٹرمینیٹر سیریز، سائی بورگ سیریز سمیت متعدد فلموں کا نام لیا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب سائنس و ٹیکنالوجی میں ہونے والی روز افزوں پیش رفت اور نت نئی ایجادات کی بدولت رومرّہ زندگی میں آنے والی مثبت تبدیلیوں کا مشاہدہ سب ہی کررہے ہیں۔

ٹیکنالوجی سے متعلق کمپنیوں کا شکوہ ہے کہ ہالی وڈ کا یہ دہرا معیارہائی ٹیک انڈسٹری کے لیے نقصان دہ ثابت ہورہا ہے۔ فلموں میں ٹیکنالوجی کا مسلسل منفی روپ پیش کرنے کی وجہ سے ہائی ٹیک انڈسٹری زوال کا شکار ہوگئی ہے۔

ہالی وڈ اور سلیکون ویلی کے تعلقات کبھی قابل رشک نہیں رہے، حالاں کہ فلم انڈسٹری ہائی ٹیک کمپنیوں کی سب سے بڑی کسٹمر ہے۔ ماضیٔ قریب میں پائریسی کے معاملے پر فلم اسٹوڈیوز اور ہائی ٹیک انڈسٹری کے درمیان ٹھنی رہی ہے۔ ٹیکنالوجی کمپنیوں کا اصرار ہے کہ فلم اسٹوڈیوز پردۂ سیمیں پر ٹیکنالوجی کا مثبت رُخ پیش کریں تاکہ زوال پذیر ہائی ٹیک انڈسٹری کے مسائل میں کمی آئے۔
Load Next Story