حکومت سندھ نے الیکشن کے باعث حج رخصت پر بھی پابندی لگا دی

حج پر جانے والے ہزاروں ملازمین کی درخواستوں پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا

حج پر جانے والے ہزاروں ملازمین کی درخواستوں پر کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔ فوٹو: فائل

حکومت سندھ نے عام انتخابات کے موقع پر تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیوں بشمول حج پر جانے والوں کی بھی رخصت پرپابندی عائد کردی۔

حکومت سندھ نے 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے موقع پر تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیوں بشمول حج پر جانے والوں کی بھی رخصت پرپابندی عائد کردی جب کہ اس حوالے بدھ کوایس اینڈ جی ڈی کی جانب سے نوٹیفیکیشن نمبر N0,SOV(SGA/CD)8.110/2018 جاری کردیا۔

 

نوٹیفیکیشن مبہم جاری کیاگیا ہے جس کے عنوان میں سرکاری ملازمین کی چھٹیوں سے متعلق حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں انتخابات کے دوران ہر قسم کی چھٹیوں بشمول حج کی بھی رخصت پر پابندی لکھاگیا ہے لیکن نوٹیفیکیشن کے متن میں 26جون کو جاری ہونے والے سابقہ نوٹیفکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ حکومت سندھ نے حج 2018 کے لیے حاصل کی جانے والی چھٹیوںکواس پابندی سے مستثنی قرار دیا ہے تاہم اس کیلیے محکمے کے سربراہوںکی جانب سے دستاویز کی تصدیق لازمی ہو گی۔


صوبائی محکمہ صحت سمیت دیگر اداروں میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین کاکہنا ہے 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کی وجہ سے چھٹیوں پر پابندی عائد ہے لیکن حج پر جانے والے خواہشمند افراد کوتاحال اس حوالے سے درست معلومات فراہم نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے ہزاروں سرکاری ملازمین فریضہ حج ادائیگی کو غیریقینی سمجھ رہے ہیں،محکمہ صحت کے سیکڑوں افسران وملازمین نے محکمہ کوحج کی چھٹیوں کی درخواستیں دے رکھی ہیں لیکن ان درخواستوں پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔

دوسری جانب حج پرجانے والے خواہشمندوںکاکہنا ہے کہ سیکڑوں ملازمین نے پرائیویٹ حج پرجانے کی تیاریاںکر رکھی ہیں لیکن محکمے کی جانب سے رخصت منظور نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے وہ تذبذب کا شکار ہیں۔

محکمہ صحت میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین صرف اس بات پر تذبذب کا شکار ہیں کہ الیکشن کی وجہ سے امسال فریضہ حج ادائیگی ہوگی یانہیں کیونکہ حکومت سندھ کی جانب سے 25جولائی کو ہونے والے انتخابات کے دوران ملک بھرکے سرکاری ملازمین کی رخصت پر پابندی عائدکردی ہے، حج پر جانے کے خواہشمند افرادکاکہنا ہے کہ انتخابات سے قبل ان ملازمین کی الیکشن ڈیوٹیوںکی تربیت کی وجہ سے حج کی تربیت مکمل نہیںکرسکے ۔

محکمہ صحت یا حکومت سندھ کی جانب سے بھی حج چھٹیوں کے حوالے سے کوئی واضح وضاحت جاری نہیںکی جاسکی جس کی وجہ سے خواہشمند افراد شدید پریشانی کا شکار ہیں،فریضہ حج ادائیگی کے لیے جانے والے ملازمین نے بتایا کہ ہماری حج پروازوںکا شیڈول بھی جاری کردیاگیا ہے لیکن ہمیں محکمہ کی جانب سے چھٹیوں کے حوالے سے کوئی اطلاعات فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔

ادھر معلوم ہوا ہے کہ حج رخصت کے حوالے سے سیکریٹری صحت نے چیف سیکریٹری سے رجوع کرلیا اور محکمہ صحت نے اس حوالے سے سمری چیف سیکریٹری کوبھیج دی۔
Load Next Story