کمشنر کراچی آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام

ڈھائی نمبر آٹا 38 روپے کلو، فائن آٹا 2 روپے اضافے سے 40 روپے کلو، چھوٹی چکی کا آٹا 44 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

ڈھائی نمبر آٹا 38 روپے کلو، فائن آٹا 2 روپے اضافے سے 40 روپے کلو، چھوٹی چکی کا آٹا 44 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔ فوٹو : اے ایف پی / فائل

کمشنر کراچی شہر میں آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہیں، فلور ملز مالکان نے گندم کی قیمت میں اضافے کو جواز بناکر آٹے کی قیمت میں اضافہ کردیا۔

کراچی کیلیے ڈھائی نمبر آٹے کے سرکاری نرخ 33.50 روپے فی کلو، فائن آٹے کے خوردہ نرخ 38 روپے کلو جبکہ چھوٹی چکی کے آٹے کی سرکاری قیمت 41روپے کلو مقرر ہے تاہم ڈھائی نمبر آٹا 4.5 روپے فی کلو اضافے سے 38 روپے کلو ، فائن آٹا 2 روپے اضافے سے 40 روپے کلو جبکہ چھوٹی چکی کا آٹا 3روپے زائد قیمت پر 44روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے،گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر ( ٹو) روبینہ آصف کی صدارت میں آٹے کی قیمتوں پر غور کیلیے بلائے گئے۔


اجلاس میں فلور ملز مالکان نے آٹے کی قیمت میں کمی سے یکسر انکار کردیا ،فلور ملز ملکان نے اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کیا کہ اوپن مارکیٹ میں گندم 3200 روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے، الیکشن کی مہم کے لیے کمرشل گاڑیوں کو جبری طور پر تحویل میں لیے جانے کے سبب کمرشل گاڑیوں کا فقدان ہے جس سے نہ صرف گندم بلکہ شہر میں آٹے کی ترسیل بھی متاثر ہورہی ہے، اجلاس میں شریک صارفین کے نمائندے شکیل بیگ نے فلور ملز مالکان سے اپیل کی کہ عوام کی سہولت کے پیش نظر مناسب قیمت پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ الیکشن کے موقع پر کسی ممکنہ بحران سے بچاجاسکے۔



مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی میں الیکشن کے دوران غیریقینی صورتحال بالخصوص امن و امان کے خدشات کے سبب صارفین روز مرہ استعمال کی اضافی اشیا کی خریداری کررہے ہیں جس سے آٹے کی طلب بڑھ گئی ہے اور بعض عناصر اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے من مانی قیمت پر آٹا فروخت کررہے ہیں جس پر کمشنر کراچی بے بس نظر آرہے ہیں، آٹے کی قیمت میں غیرسرکاری اضافے کے باوجود کسی سطح پر سرکاری قیمت کے اطلاق کی کوششیں نہیں کی گئیں، مختلف کمپنیاں 10 کلو آٹے کا تھیلہ 440 روپے میں بھی فروخت کررہی ہیں اور صارفین غیریقینی حالات کے سبب مہنگے داموں آٹا خریدنے پر مجبور ہیں ۔
Load Next Story