اختتام میں عمدہ بولنگوسیم نے پیسرز کو گُرسکھا دیے

سابق قائد نے اسٹائل تبدیل نہیں کرایا،ان سوئنگ بہتر بنانے کا بھی بتایا، جنید خان

سابق قائد نے اسٹائل تبدیل نہیں کرایا،ان سوئنگ بہتر بنانے کا بھی بتایا، جنید خان. فوٹو: فائل

سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے نوجوان پیسرز کو اختتامی اوورز میں عمدہ بولنگ کے گُر سکھا دیے،اس حوالے سے جنید خان کا کہنا ہے کہ سابق کپتان کے مشورے ہمارے لیے خاصے کارآمد ثابت ہوں گے۔

انھوں نے میرا اسٹائل تبدیل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی،ان سوئنگ بہتر بنانے کے ساتھ اپنے تجربات سے رہنمائی کرتے رہے، کیمپ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نوجوان فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ وسیم اکرم اور محمد اکرم کے مشوروں میں کوئی ایسا تضاد نہیں کہ کسی تذبذب کا شکار ہونے کی نوبت آتی،کراچی کے کیمپ میں وسیم اکرم سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔




ان کی رہنمائی کے مطابق کام کرتے ہوئے ایبٹ آباد میں بھی سیمنگ اور بائونسی ٹریک پر خاصی پریکٹس کی،سابق آل رائونڈر نے حالیہ کیمپ میں بولنگ دیکھ کر نمایاں بہتری نظر آنے پر اطمینان کا اظہارکیا ہے،انھوں نے کہاکہ فاسٹ بولرز کے کم تجربہ کار ہونے سے ٹیم کیلیے مسائل پیدا نہیں ہوں گے، میرے ساتھ محمد عرفان بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں اچھا پرفارم کرکے خاصا اعتماد حاصل کرچکے ہیں، احسان عادل اور اسد علی قومی ٹیم کے ساتھ رہنے کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا چکے، دونوں بھرپور ردھم میں نظر آرہے ہیں۔

بولنگ کوچ محمد اکرم اور چیف کوچ ڈیو واٹمور نے ہمیں خشک وکٹ پر بولنگ کے مختلف حربوں سے آگاہ کیا ہے۔ ایک سوال پر جنید خان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا گروپ مشکل ہونے کی کوئی پریشانی نہیں، جب مقصد صرف جیت ہو تو حریف کے بارے میں فکر مند نہیں ہونا چاہیے،کنڈیشنز جیسی بھی ہوں ، بہترین پرفارمنس سے ملک کو پہلی بار ٹائٹل دلانے کیلیے بے تاب ہوں،لنکا شائر کی طرف سے انگلش کائونٹی کرکٹ کھیلنے کا تجربہ بھی میرے کام آئے گا۔
Load Next Story