آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کااجلاس 28 مئی کو ہوگا

لندن میزبان،بھارتی لابی فیکاکے چیف ایگزیکٹیو ٹم مے کی چھٹی کرانے میں کامیاب.

لندن میزبان،بھارتی لابی فیکاکے چیف ایگزیکٹیو ٹم مے کی چھٹی کرانے میں کامیاب. فوٹو: فائل

آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کا دوروزہ سالانہ اجلاس28 مئی کو لندن میں شروع ہوگا۔

بھارتی لابی فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) کے چیف ایگزیکٹیو ٹم مے کی چھٹی کرانے میں کامیاب ہوگئی، 10 میں سے 6 ووٹ لے کر بھارت کے سابق اسپنر سیواراماکرشنن پلیئرز نمائندے کے طورپر کمیٹی میں شامل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی کرکٹ کمیٹی کا دوروزہ سالانہ اجلاس سابق بھارتی کپتان انیل کمبلے کی زیرسربراہی لندن میں 28 اور 29 مئی کو ہوگا،کمبلے نے سابق ویسٹ انڈین کپتان کلائیو لائیڈ کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی تھی، انگلینڈ کے ایک سابق کپتان اینڈریو اسٹروس اور بھارت کے سابق لیگ اسپنر لکشمن سیواراماکرشنن پہلی مرتبہ میٹنگ میں شریک ہوں گے۔




آئی سی سی کی پریس ریلیز میں کہا گیاکہ اسٹروس نے ای ین بشپ جبکہ سیواراماکرشنن نے ٹم مے کی جگہ سنبھالی ہے۔ اس طرح بھارتی لابی کی کوششیں کامیاب ہونے کی تصدیق ہوگئی، ٹم مے نے پلیئرز حقوق کے نام پر کئی کرکٹر بورڈز کو پریشان کیا ہوا تھا، خاص طور پر سری لنکا اور بنگلہ دیش اپنی پریمیئر لیگ کے حوالے فیکا کے اعتراضات کا براہ راست نشانہ تھے، چند روز قبل ہی یہ باتیں منظر عام پر آگئی تھیں کہ بھارتی بورڈ ٹم مے کی کرکٹ کمیٹی سے چھٹی اور اپنے سابق کھلاڑی سیواراماکرشنن کو منتخب کرنے کیلیے دیگر ممبرز پر دباؤ ڈال رہا ہے۔

بطور موجودہ پلیئرز نمائندے کماسنگاکارا کا انتخاب متفقہ طور پر ہوا تھا جبکہ دوسری جگہ کیلیے سیواراماکرشنن اور ٹم مے میں مقابلہ ہوا،انتخاب کا حق تمام 10 ٹیسٹ ٹیموں کے کپتانوں کو حاصل تھا۔ رپورٹ کے مطابق سیواراماکرشنن کو 10 میں سے 6 ووٹ حاصل ہوئے جس پر انھیں یہ کمیٹی میں شامل کرلیا گیا ہے۔ کرکٹ کمیٹی میں آئی سی سی کے صدر ایلن آئزک، چیف ایگزیکٹیو ڈیورچرڈسن، مارک ٹیلر، اینڈریو اسٹروس، سنگاکارا، سیواراماکرشنن، گیری کرسٹن، کلیری کونر، ڈیوڈ وائٹ،ٹرینٹ جونسٹن،روی شاستری،اسٹیو ڈیوس، رنجن مدوگالے، جان اسٹیفنسن اور ڈیوڈ کینڈکس شامل ہیں۔
Load Next Story