سیکیورٹی خدشات مکا چوک کی سڑک عام ٹریفک کے لیے بند

نائن زیرو پر دہشت گردی کے خطرات ہیں، پولیس ،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

نائن زیرو پر دہشت گردی کے خطرات ہیں، پولیس ،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا. فوٹو: فائل

KARACHI:
عزیز آباد کے علاقے میں نائن زیرو کے قریب سیکیورٹی خدشات کے باعث مکا چوک کے اطراف کی سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق عزیز آباد کے علاقے میں واقع نائن زیرو کے قریب مکا چوک کی سڑک کو عام ٹریفک کے لیے گزشتہ روز بند کردیا گیا ، ایس ایچ او عزیز آباد حسیب اللہ قریشی نے ایکسپریس کو بتایا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔


انھوں نے بتایا کہ عائشہ منزل کی جانب سے مکا چوک کی جانب جانے والے ٹریفک کو بھائی جان چوک کی طرف متبادل راستے پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب کمپری ہینسو اسکول چورنگی سے سڑک بند کرتے ہوئے ٹریفک کو فرزانہ دواخانہ کی جانب موڑ دیا گیا ہے ، حسیب اللہ قریشی نے مزید بتایا کہ نائن زیرو پر دہشت گردی کے خطرات ہیں جبکہ تین روز قبل ہی نائن زیرو کے قریب دو بم دھماکے بھی ہوئے ہیں۔



، ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں حفاظتی انتظامات بھی مزید سخت کردیے گئے ہیں ، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ مذکورہ سڑک عام انتخابات تک ٹریفک کے لیے بند رہے گی تاہم اگر صورتحال میں کوئی تبدیلی ہوئی تو شہریوں کو مطلع کردیا جائے گا ، علاوہ ازیں مذکورہ سڑک عام ٹریفک کے لیے بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور عائشہ منزل پر زیر تعمیر فلائی اوور کے باعث جہاں پہلے ہی رش ہوتا تھا سڑک بند ہونے کے بعد ٹریفک کا دبائو مزید بڑھا گیا جبکہ دوسری جانب کمپری ہینسو چورنگی کے قریب یاسین آباد کی جانب بھی ٹریفک کا دبائو بڑھ گیا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story