آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز پاکستانی اسکواڈکیلیے سلیکشن کمیٹی کا آج اجلاس

ورلڈ کپ 2015 کیلیے ٹیم کے سلیکشن اور تیاریوں کا روڈ میپ تیار کیا جائیگا۔

ورلڈ کپ 2015 کیلیے ٹیم کے سلیکشن اور تیاریوں کا روڈ میپ تیار کیا جائیگا۔ فائل فوٹو

سلیکشن کمیٹی کا اجلاس پیر کو لاہور میں ہورہا ہے جس میں آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے ٹیم کے انتخاب کے ساتھ ورلڈ کپ 2015 کے لیے قومی ٹیم کا روڈ میپ تیار کیا جائیگا۔ چیف سلیکٹر اقبال قاسم اپنے ساتھی سلیکٹرز کے ہمراہ کوچ ڈیو واٹمور سے مشاورت کرنے کے بعد یو اے ای میں آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کی ٹیم پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف کو منظوری کے لیے پیش کرینگے۔


ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ واٹمور تعطیلات گذرانے کے بعد لاہور پہنچ گئے ہیں جبکہ چیئرمین پی سی بی بھی امریکا سے وطن آنے کے بعد پیر کو اپنے دفتر جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کپتان مصباح الحق نے سری لنکا روانگی سے قبل یو اے ای سیریزکے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کے بارے میں اپنی رائے سے چیف سلیکٹر کو فون پر آگاہ کردیا۔ مصباح اور اقبال قاسم نے عمر گل، یونس خان، عبدالرزاق اور شعیب ملک سمیت سینئر کھلاڑیوں کی فٹنس اور فارم کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی کے واٹمور کے ساتھ اجلاس میں ورلڈ کپ 2015 کے لیے قومی ٹیم کے سلیکشن اور تیاریوں کا روڈ میپ تیار کیا جائیگا۔ سلیکٹرز نوجوان کرکٹرز اور خاص طور پر انڈر 19 ورلڈ کپ میں شریک کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک پرفارمنس رپورٹ کوچ کے سامنے رکھیں گے اور ان کی مشاورت سے ورلڈ کپ کے لیے 35 سے 40 کھلاڑیوں کاپول تیار کریں گے۔ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلیے آل رائونڈر شعیب ملک اور جنیدخان کی شمولیت کا قوی امکان ہے جبکہ ٹوئنٹی20 سیریز میں ٹیم کا حصہ بننے والے عبدالرزاق،عمران نذیر اورکامران اکمل ون ڈے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
Load Next Story