پاکستان مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم شہدائے کشمیر منایا گیا

مقبوضہ وادی میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال اور مظاہرے کیے گئے، مسلح افراد کے حملے میں 2 بھارتی سیکیورٹی اہلکار ہلاک

دلی سرکار نے1987کی طرح کشمیری عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا تو نتائج بہت خطرناک ہوں گے، سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی۔ فوٹو : فائل

پاکستان، آزاد و مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں گزشتہ روز یوم شہدا کشمیر منایا گیا جبکہ حریت قیادت کی اپیل پرمقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور مظاہرے کیے گئے۔

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر کے کشمیری ہرسال 13جولائی کو یوم شہدائے کشمیر مناتے ہیں اور 23 شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ گھروں میں نظر بند حریت قیادت نے 13 جولائی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے مکمل ہڑتال اور مارچ کی اپیل کی تھی۔

بھارتی پولیس نے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو یوم شہدا کے سلسلے میں مزار شہدا نقشبند صاحب کی طرف مارچ کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا۔ قابض انتظامیہ کی طرف سے سری نگر میں عائد کی جانے والی پابندیوں کے باعث لوگ سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نمازجمعہ ادا نہیں کرسکے۔


مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے مودی سرکار کو وارننگ دیتے ہوئے کہاہے کہ اگر دلی سرکار نے1987کی طرح کشمیری عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا اور ان کی جماعت پی ڈی پی کو توڑنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے۔ اننت ناگ میں مسلح افراد کے حملے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے2 اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

انسانی حقوق کمیشن نے کپواڑہ میں کشمیری طالب علم کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کپواڑہ کو اس واقعے کی حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 
Load Next Story