حیدرآباد میں کارکنوں کو شناخت کرکے نشانہ بنایا گیا الطاف حسین

عمران کے لیے دعا کی جائے، عوام سے اپیل،عارف علوی،شفقت محمودکوفون.

عمران کے لیے دعا کی جائے، عوام سے اپیل،عارف علوی،شفقت محمودکوفون۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے حیدرآبادمیں لبرٹی چوک پرمسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے جس میں ایم کیوایم کے3کارکنان شہیدجبکہ5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے یہ کارکنان اور ہمدردلبرٹی چوک کے نزدیک ایم کیوایم کی انتخابی سرگرمیوں میں مصروف تھے کہ3 موٹر سائیکلوں پرسوار6مسلح افرادنے ان پرفائرنگ شروع کردی۔ الطاف حسین نے کہاکہ میں نے گزشتہ روزاپنے خطاب میں یہ بتایاتھاکہ ایم کیوایم کے خلاف سرگرم عمل عناصراب مقامی جرائم پیشہ عناصرکوبھی ایم کیوایم کے خلاف قتل وغارت اوردہشت گردی کیلیے استعمال کررہے ہیں اوراب تک جواطلاعات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق اس واقعے میں بھی مقامی جرائم پیشہ افرادملوث ہیں جنھوں نے ایم کیوایم کے کارکنان کوباقاعدہ شناخت کے بعدٹارگٹ کیا۔

الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم دشمن قوتیں ایم کیوایم کوتباہ کرنے کے جنون میں اندھی ہوچکی ہیں اوربیدردی سے ایم کیوایم کے کارکنوں کاخون بہارہی ہیں،صرف گزشتہ چندروزکے دوران ایم کیوایم کے70سے زائدکارکنوں کوشہیداورسیکڑوں کو زخمی کیا جاچکا ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ کسی ایک بھی واقعے میں ملوث دہشتگردوں کواب تک گرفتارنہیں کیاگیا۔الطاف حسین نے عوام بالخصوص ایم کیوایم کے تمام کارکنوں اورہمدردوں سے ایک بارپھرمحتاط اورچوکنارہنے کی اپیل کی اوران سے کہاکہ وہ ایسی جگہوں پر بیٹھنے سے گریز کریں جہاں دہشت گردانہیں باآسانی سے نشانہ بناسکتے ہوں،اپنے علاقوں میں آنے والی مشکوک گاڑیوں اورمشتبہ عناصر پر کڑی نظررکھیں اورکسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طورپرپولیس اورانتظامیہ کودیں۔




ایک اوربیان میں الطاف حسین نے لاہورمیں لفٹرسے گرنے کے باعث تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے زخمی ہونے پر آج راولپنڈی اسلام آباد، سیالکوٹ اور بھکرمیں ایم کیوایم کے انتخابی جلسوں کے شرکاسے معذرت کرتے ہوئے اپناٹیلی فونک خطاب ملتوی کردیا۔الطاف حسین کی ہدایت پران کے خطاب سے قبل ایم کیوایم کامقبول ومعروف تنظیمی ترانہ '' مظلوموں کا ساتھی ہے الطاف حسین'' بھی نہیں بجایاگیا۔الطاف حسین نے راولپنڈی اسلام آباد فیصل آبادسیالکوٹ اور بھکر کے انتخابی جلسوں کے شرکاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان قومی لیڈر ہیں،ان کے ساتھ پیش آنے والا حادثہ انتہائی اندوہناک ہے لہٰذا ملک بھر کے حق پرست عوام ، علمائے کرام اور مشائخ عظام عمران خان کی صحت وسلامتی کیلیے اللہ تعالیٰ کے حضورخصوصی دعا کریںکہ اللہ تعالیٰ عمران خان کوصحت کاملہ عطا کرے۔

الطاف حسین نے عمران خان کی صحت وتندرستی کے لیے دعا کی۔الطاف حسین نے تحریک انصاف کے مرکزی سیکر یٹری جنرل شفقت محمودسے فون پر گفتگو کی اور ان سے عمر ان خان کی خیر یت دریافت کی۔ الطاف حسین نے کہا کہ اس دلخراش اور افسوسناک حادثے پر میں تحریک انصاف کے ایک ایک رہنماکارکن ہمدرد اور عمران خان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کااظہار کرتا ہوں او رتمام پاکستانیوں سے اپیل کر تا ہوں کہ وہ قوم کے ہیرو اور قومی لیڈر عمران خان کی صحت یابی کیلیے اللہ تعالیٰ کے حضوردعاکریں۔الطاف حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماڈاکٹر عارف علوی کوفون کیا اور کہاکہ اگرعمران خان کو خدانخواستہ کچھ ہوجاتا تو وہ صرف تحریک انصاف کا نہیں بلکہ پوری قوم کانقصان ہوتا۔ڈاکٹرعارف علوی نے الطا ف حسین کی جانب سے اپنے عوامی خطابات ملتوی کرنے اورعمران خان کی دعائے صحت کیلیے قوم سے اپیل کرنے پران کا شکریہ ادا کیا۔
Load Next Story