کراچی ٹارگٹ کلنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق

یاسین آباد،سعید آباد اور سائٹ سے3لاشیں برآمدہوئیں جبکہ مختلف علاقوں میں3افرادکو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

ایوب گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا، فوٹو: فائل

شہر قائد میں پولیس اور رینجرز کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن قتل و غارت گری ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ، آج بھی مختلف علاقوں میں خاتون سمیت 6 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ایوب گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا، سائٹ میں غنی چورنگی کے قریب بوری بند ایک شخص کی لاش ملی جسے فیضان کے نام سے شناخت کیا گیا، پیرآباد کے علاقے فرنٹئیر کالونی میں فائرنگ سے دلاور خان نامی شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ لیاری کے علاقے کلری میں پرانے ٹرک اڈے کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے کاشف نامی شخص کوقتل کردیا۔



دوسری جانب سعیدآباد کے علاقے میں موچکو تھانے کی عمارت کے قریب سے ایک نامعلوم خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی ہے اس کے علاوہ یاسین آباد میں لیاری ندی کے قریب سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہےجسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔




Load Next Story