عسکری پارک کا جھولا چین سے درآمد کیا گیا سیٹ بیلٹ خراب ہونے کا انکشاف

عسکری پارک میں جھولا گرنے سے جاں بحق بچی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

پارکی کی انتظامیہ نے حادثہ میں سازش کا خدشہ ظاہر کردیا فوٹو:فائل

عسکری پارک میں گرنے والے جھولے کی سیٹ بیلٹ خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ جاں بحق بچی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں عسکری پارک میں جھولہ گرنے سے جاں بحق ہونے والی 14 سالہ کشف کی نماز جنازہ میں اہل خانہ اور رشتہ داروں کے علاوہ کمشنر کراچی صالح احمد فاروقی اور ڈی سی ایسٹ احمد علی صدیقی نے بھی شرکت کی۔



14 سالہ کشف کے والد اور بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کشف 6 بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی، اس کی 12 جولائی کو سالگرہ تھی، میری والدہ، بیوی اور بچوں نے گھومنے کا پروگرام بنایا، جس وقت واقعہ پیش آیا میں تھائی لینڈ میں تھا۔


یہ بھی پڑھیں: کراچی عسکری پارک میں جھولا گرنے سے بچی جاں بحق، 16 زخمی

کشف کے والد نے چیف جسٹس اور آرمی چیف سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پارک انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے اور ذمے داروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے، میری بیٹی تو چلی گئی، لیکن کسی اور بچے کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیئے۔

کشف کے 13 سالہ بھائی ایان نے بتایا کہ مجھے اور باجی کو جھولے پر ایک سیٹ پر بٹھایا گیا تھا، سیٹ بیلٹ خراب ہونے کی وجہ سے مجھے اٹھادیا گیا، جب جھولہ گرنے کا واقعہ ہوا تو وہاں انتظامیہ میں سے کوئی بھی موجود نہیں تھا، میری بہن کو 15 منٹ بعد لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔

دوسری جانب زرائع کے مطابق عسکری پارک انتظامیہ نے حادثہ میں سازش کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے پاکستان انجینئرنگ کونسل سے تحقیقات کی درخواست کردی۔ انتظامیہ کے مطابق حادثہ کا شکار جھولے کے 20 بڑے نٹ ایک ساتھ کھل گئے، جھولے چین سے درآمد کیے گئے ہیں اور جھولے بنانے والی چینی کمپنی کے ماہرین بھی تحقیقات کا حصہ بنیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں پرانی سبزی منڈی پر واقع عسکری پارک میں جھولا گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوگئے۔
Load Next Story