نوجوانوں میں بیروزگاری مزید بڑھنے کا خدشہ ہے آئی ایل او

دنیا میں 7 کروڑ 30 لاکھ نوجوان بیروزگار، جاب لیس ریٹ 12.6 فیصد تک پہنچ گیا

2018 میں شرح 12.8فیصد ہوجائیگی، اقتصادی سست روی سے بحران سنگین ہوا، رپورٹ فوٹو: فائل

دنیا بھر میں 7کروڑ 30لاکھ سے زائد نوجوان بیروزگار ہیں اور صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ بات عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) کی جانب سے گزشتہ روز جاری رپورٹ میں کہی گئی۔ آئی ایل او کے مطابق عالمی اقتصادی بحالی کی رفتار سست پڑنے کے باعث نوجوانوں میں ملازمتوں کا بحران سنگین ہوا ہے، سال کے اختتام پر 15 سے 24 سال کے7 کروڑ34 لاکھ نوجوان بیروزگار تھے، یہ تعداد 2007 سے 35 لاکھ زائد ہے، اس طرح نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح 12.6 فیصد ہے جو 2018 تک بڑھ کر 12.8 فیصد تک پہنچنے کاخدشہ ہے، اس وقت تک مزید 20 لاکھ سے زائد نوجوان بیروزگار ہو چکے ہوں گے۔




رپورٹ میں یورپی یونین، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں نوجوانوں میں بیروزگاری کی صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا گیا ہے جہاں 2008 کے بعد سے بیروزگاری مسلسل بڑھ رہی ہے، ترقی یافتہ معیشتوں اور یورپی یونین میں نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح گزشتہ 5سال میں 25 فیصد بڑھی اور اب وہاں مجموعی طور پر 18.1 فیصد نوجوان بیروزگار ہیں تاہم یورپ میں 2018 تک صورتحال بہتر ہونے سے بیروزگاری کی شرح 16 فیصد تک گرنے کا امکان ہے۔

دوسری طرف ترقی پذیر ممالک کو بھی یوتھ ایمپلائمنٹ چیلنجز کا سامنا ہے، مشرق وسطیٰ میں 2018 تک نوجوانوں میں بیروزگاری کی شرح 30 فیصد تک پہنچنے کا خدشہ ہے جو 2012 میں 28.3 فیصد تھی جبکہ شمالی افریقہ میں یہ شرح 23.7 سے بڑھ کر 23.9 تک پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
Load Next Story