جسٹس طاہرہ کو چیف جسٹس بلوچستان بنانے کا امکان

جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر چیف جسٹس کے عہدے پرفائز ہونے والی پاکستان کی پہلی جج ہوں گی

فوٹو : فائل

بلوچستان ہائیکورٹ کی جج جسٹس سیدہ طاہرہ صفدرکوچیف جسٹس بنائے جانے کاامکان ہے اور منظوری کی صورت میں وہ چیف جسٹس کے عہدے پرفائز ہونے والی پاکستان کی پہلی جج ہوں گی۔


ذرائع کے مطابق اعلیٰ عدلیہ میں جج تعیناتی کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس طاہرہ صفدر کوچیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ بنانے پر غورہوگا۔چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثارنے جوڈیشل کمیشن کااجلا س30 جولائی کوطلب کرلیا ہے ۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے موجودہ چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی یکم ستمبر کو ریٹائر ہوجائیں گے۔چیف جسٹس بننے کی صورت میں جسٹس طاہرہ صفدراگلے سال 5 اکتوبرتک اس عہدہ پررہیں گی۔واضح رہے کہ جسٹس طاہرہ صفدر سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف آئین شکنی کیس سننے والی خصوصی عدالت کی رکن بھی ہیں ۔جسٹس طاہرہ صفدرکوبلوچستان کی پہلی خاتون سول جج ہونے کااعزاز بھی حاصل ہے ۔

اسی طرح بلوچستان ہائیکورٹ کی جج بننے والی بھی پہلی خاتون ہیں۔جسٹس طاہرہ صفدرمعروف وکیل سید امتیازحسین باقری حنفی کی صاحبزادی ہیں جو5 اکتوبر 1957 کوکوئٹہ میں پیدا ہوئی تھیں۔جسٹس طاہرہ صفدر نے 22 اپریل 1982 کوسول جج کے طور پرکیریئر کاآغاز کیا تھا اور7 ستمبر 2009کو ہائیکورٹ کی ایڈیشنل جج مقررہوئیں جبکہ 11 مئی 2011 ء کومستقل جج کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔
Load Next Story