چمن کے مال روڈ پر دھماکا اور فائرنگ 6 افراد زخمی

دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، پولیس حکام

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنےوالےاداروں نے علاقے کو سیل کردیا فوٹو: انٹرنیٹ

چمن میں واقع مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہری نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لئے مسجد میں جارہے تھے کہ سڑک پر کھڑی موٹر سائیکل دھماکے سے اڑگئی اور دھماکے کے فوری بعد ہی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور 10 سے زائد دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ شہریوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا۔


پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا اور بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، ابھی تک 6 افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں سول اسپتال چمن منتقل کردیا گیا ہے جب کہ دیگراسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے حادثے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں جب کہ علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔
Load Next Story