سندھ پولیس نے انتخابی اخراجات کیلیے 10کروڑ روپے مانگ لیے

اخراجات کھانے ، پینے ، گاڑیوں کی فراہمی اور گاڑیوں کی مینٹیننس پر خرچ کیے جائیں گے۔

اخراجات کھانے ، پینے ، گاڑیوں کی فراہمی اور گاڑیوں کی مینٹیننس پر خرچ کیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

سندھ پولیس نے عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے 10 کروڑ روپے طلب کرلیے۔

سندھ پولیس نے 25 جولائی کو منعقدہ عام انتخابات کے حوالے سے سندھ حکومت سے 10 کروڑ روپے طلب کرلیے جس میں سے2کروڑ روپے سے زائد رقم کراچی پولیس پر خرچ کی جائے گی ۔ سمری کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایک لاکھ 42 ہزار روپے کی سفارش کی ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ نے کھانے پینے کی مد میں 39لاکھ 22 ہزار 198 ، گاڑیوں کی مد میں 13 لاکھ 86 ہزار روپے جبکہ گاڑیوں کی مینٹیننس کی مد میں ایک لاکھ 40 ہزار روپے طلب کرتے ہوئے مجموعی طور پر 81 لاکھ 23 ہزار 809 روپے کی سفارشات تیار کی ہیں ، ڈی آئی جی سائوتھ نے خوراک کی مد میں 24 لاکھ 93 ہزار 750 روپے ، گاڑیوں کی مد میں 11 لاکھ 92 ہزار 823 روپے جبکہ گاڑیوں کی مینٹیننس کے لیے ایک لاکھ چالیس ہزار روپے سمیت مجموعی طور پر 52 لاکھ 26 ہزار 573 روپے کی سفارشات تیار کی ہیں۔


ڈی آئی جی ایسٹ نے خوراک کی مد میں 46 لاکھ 39 ہزار 515 روپے ، گاڑیاں حاصل کرنے کے لیے 7 لاکھ 46 ہزار 500 روپے جبکہ گاڑیوں کی مینٹیننس کی مد میں ایک لاکھ 35 ہزار روپے سمیت مجموعی طور پر 81 لاکھ 21 ہزار روپے کی سفارشات بھیجی ہیں۔

اسی طرح اندرون سندھ کے اضلاع میرپور خاص ، عمر کوٹ ، تھرپارکر ، سکھر ، خیرپور ، گھوٹکی ، شہید بے نظیر آباد ، سانگھر ، نوشہرو فیروز ، حیدرآباد سمیت دیگر اضلاع کے بھی الیکشن کے اخراجات کی سفارشات تیار کرلی گئی ہیں، سندھ پولیس نے الیکشن کے اخراجات کا تخمینہ مجموعی طور پر 10 کروڑ روپے لگایا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سمری سندھ حکومت کو روانہ کردی ہے ، اب دیکھنا یہ ہے کہ سفارشات کے مطابق کتنی رقم سندھ پولیس کو ملتی ہے ۔
Load Next Story