پی پی کی جدو جہد عوام کو یرغمال بنانے والوں کیخلاف ہے

امن و محبت کے شہر حیدرآباد کو کسی کی نظر لگ گئی، مولا بخش چانڈیو کی گفتگو

این اے 220سے امیدوار صغیر احمد قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی پارٹی ہے جو لسانیت و عصبیت سے بالا تر ہوکر خالصتاً عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے. فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے نائب صدر وسابق وفاقی وزیر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ حیدرآباد امن و محبت کا شہر تھا یہاں کے لوگ ایک دوسرے سے پیار کرتے تھے لیکن اچانک اس شہر کو کسی کی نظر لگ گئی اور شہر اجڑ گیا جب کہ عوام یرغمال بن گئے۔

ٹنڈو آغا میں شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حیدرآباد شہر کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے، عوام کو یرغمال بنانے اور شہرکو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کیخلاف جدوجہد کررہی ہے جس میں عوام بھی پی پی کا ساتھ دیں تاکہ انھیں بھتے، تاجروں، صنعتکاروں، دکانداروںٹھیلے اور پتھاریداروں سے جبری چندہ وصول کرنیوالوں سے نہ صرف نجات دلوائی جائے۔




بلکہ ان کا خاتمہ کرکے حیدرآبادکو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنائینگے۔ انھوں نے کہا کہ پی پی بہادروں ، شہیدوںکی پارٹی ہے اورشہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو نے بھی عوام و ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کر دیں اور اب انکے مشن پر چلتے ہوئے ہم بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔

این اے 220سے امیدوار صغیر احمد قریشی نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی پارٹی ہے جو لسانیت و عصبیت سے بالا تر ہوکر خالصتاً عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی نے اپنے5 سالہ دور حکومت میں نامساعد حالات کے باوجود نہ صرف عوام کی خدمت کی بلکہ عوامی بھلائی کے بے شمار اقدامات کیے ہیں۔ ماضی کی طرح آج بھی عوام پی پی کیساتھ ہیں اور وہ ضروراس کے امیدواروں کو کامیاب کرائینگے۔
Load Next Story