فنکارجو ووٹ ڈالنے میدان میں آئے
انتخابات 2018 پاکستانی سیاست میں نہایت اہم الیکشن ہیں اس بار عوام اور سیاسی رہنماؤں کے ساتھ شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد بھی بڑھ چڑھ کرانتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سیاست سے دور رہنے والے فنکاروں نےاس بار نہ صرف لوگوں کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیا بلکہ انہیں گھر سے باہر نکل کر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی ترغیب بھی دی۔
حمزہ علی عباسی
معروف اداکارو سماجی رہنما حمزہ علی عباسی کا جھکاؤ اداکاری کے علاوہ سیاست میں بھی ہے اور الیکشن سے قبل وہ لوگوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے ووٹ کی اہمیت سےآگاہ کرتے رہے تھے۔ حمزہ علی عباسی نے اپنا قومی فریضہ اداکرتے ہوئے ووٹ کاسٹ کیا اورسوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لوگوں سےاپیل کی کہ مہربانی کرکے گھر سے باہر نکلیں اورووٹ ڈالیں۔
ماورا حسین
پاکستان کی خوبرو اداکارہ ماورا حسین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو ووٹ کاسٹ کیا اور یہ خبرٹوئٹر پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ ماورا حسین نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ووٹ کاسٹ کیا اور لکھا کہ جس طرح اسلام آباد خوبصورت ہے اسی طرح ہمارا ملک بھی مستقبل میں خوبصورت ہوگا۔
عروہ حسین
اداکارہ عروہ حسین نے بھی اپنے حق رائے دہی کااستعمال کیا اورووٹ کاسٹ کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹوئٹر پر اب صرف عمران خان کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے انشا اللہ لکھا۔ عروہ حسین نے تمام لوگوں سےاپیل کی کہ اُٹھیں، پولنگ اسٹیشن جائیں اور پاکستان کے مستقبل میں اپنا حصہ ڈالیں۔
فرحان سعید
گلوکار واداکار فرحان سعید نے بھی ووٹ کاسٹ کیااور ٹوئٹ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ''نکلو پاکستان اورووٹ دو، فرحان نے مزید لکھا کہ ان سے صبر نہیں ہورہا یہ جاننے کے لیے کہ انتخابات کے نتائج کیاہوں گے، مجھے نہیں یاد کہ آخری بار میں انتخابات کے دوران اتنا زیادہ نروس ہوا تھا یا نہیں۔ فرحان سعید نے اپنا ووٹ پی ٹی آئی کو کاسٹ کیا۔
ثمینہ پیرزادہ
پاکستان ڈراما انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد سیلفی ٹوئٹر پر شیئر کی۔
رابی پیرزادہ
پاکستان کی ابھرتی ہوئی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ''میں پاکستانی ہوں، جو تبدیلی کے لیے گھر سے نکل رہی ہے، جی ہاں ہر ایک ووٹ گنا جائے گا، خدا ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہے، ہمارا مستقبل آج دئیے جانےوالے ووٹوں پر منحصر ہے، رابی پیرزادہ پاکستان تحریک انصاف کی ہامی ہیں ۔''
بلال خان
گلوکار بلال خان ووٹ کاسٹ کرنے خصوصی طور پر کینیڈا سے پاکستان آئے تھے انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد ٹوئٹر پر پیغام شیئر کیا کہ میں نے اپنے فرض کی ادائیگی کرلی، اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام لوگوں سے ووٹ دینے کی اپیل کی۔