بلاول کو لیاری شہباز کو ڈیرہ غازیخان سے شکست بڑے بڑے برج الٹ گئے

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 5نشستوں پرکامیابی حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 5نشستوں پرکامیابی حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ فوٹو: فائل

عام انتخابات میں بڑے بڑے برج الٹ گئے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول کو لیاری میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شہباز شریف ڈیرہ غازیخان سے ہار گئے۔

غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق عمران خان نے این اے 53 اسلام آباد پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو شکست دی۔ انہوں نے این اے 35 بنوں سے ایم ایم اے کے امیدوار اکرم درانی، کراچی کے حلقے پر ایم کیو ایم کے علی رضا عابدی، میانوالی میں ن لیگ کے عبیداللہ شادی خیل کو شکست دی۔

عمران خان کا سب سے زیادہ سخت مقابلہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 131 پر ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق کے ساتھ ہوا جہاں انہیں صرف 600 ووٹوں کے فرق سے کامیابی ہوئی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو کراچی میں پیپلز پارٹی کے گڑھ پر اپ سیٹ کا شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ این اے 246 لیاری کراچی سے پی ٹی آئی کے شکور شاد52750 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔

تحریک لبیک کے امیدوار دوسرے جبکہ بلاول بھٹو زرداری تیسرنمبر پر آئے۔ بلاول کو ملاکنڈ کے حلقہ این اے 8 سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑاانہیں تحریک انصاف کے جنید اکبر نے شکست دی۔ بلاول لاڑکانہ سے کامیاب ٹھہرے۔

ن لیگ کے صدر شہباز شریف لاہور میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے دونوں حلقوں سے جیت گئے تاہم این اے 192 ڈی جی خان سے تحریک انصاف کے امیدوار سردار محمد خان لغاری 80ہزار 522ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ۔ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف 62ہزار 608ووٹ لے کر ہار گئے۔

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار مسلسل نویں مرتبہ قومی اسمبلی کا رکن بننے کا ریکارڈ قائم نہ کر سکے، وہ قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں سے پی ٹی آئی کے امیدواروں سے شکست کھا گئے تاہم چوہدری نثار نے صوبائی اسمبلی کی ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔ سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف سخت مقابلے کے بعد سیالکوٹ سے جیت گئے۔ ن لیگ کے رانا ثناء اللہ قومی اسمبلی کے حلقے 106فیصل آباد سے کامیاب رہے تاہم وہ صوبائی حلقے میں شکست کھا گئے۔


این اے 169 بہاولنگرمیں مسلم لیگ (ن )کے امیدوار نورالحسن نے مسلم لیگ ضیا کے اعجاز الحق کو شکست سے دوچار کیا۔ خیبرپختونخوا میں اہم قومی رہنما شکست کھا گئے ، یہاں الیکشن ہارنے والوں میں مولانا فضل الرحمان، اسفندیارولی،آفتاب شیرپاؤ،سراج الحق، شہبازشریف، بلاول بھٹوزرداری،اکرم خان درانی،امیرمقام، انجنیئر ہمایوں، سکندرشیرپاؤ، سابق گورنرزافتخارحسین شاہ اور شوکت اللہ شامل ہیں۔

ڈیرہ بگٹی بلوچستان میں سابق صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی شکست کھا گئے انہیںجمہوری وطن پارٹی کے نوابزادہ گہرام بگٹی نے ہرایا۔ سوات سے پی ٹی آئی کے مراد سعید جیت گئے، لوئر دیر سے اے این پی کے زاہدخان ہار گئے۔ این اے 26نوشہرہ سے پی ٹی آئی کے عمران خٹک جیت گئے، یہاں مجلس عمل کے آصف لقمان قاضی تیسرے نمبر پر رہے۔

این اے 31 پشاور پی ٹی آئی کے شوکت علی کامیاب ہوئے، اے این پی کے حاجی غلام احمد بلوردوسرے نمبر پر رہے۔ این اے 38 ڈیرہ اسماعیل خان سے پی ٹی آئی کے علی امین خان نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو 33,779 ووٹ سے ہرا دیا، پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے فیصل کریم کنڈی 20 ہزار 429 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے اسد عمرکامیاب رہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دونوں حلقوں سے شکست کھا گئے۔ نارووال سے ن لیگ کے احسن اقبال ایک لاکھ 59 ہزارووٹ لے کر جیت گئے، پی ٹی آئی کے ابرار الحق 88 ہزار 250 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے۔ سابق وزیر دفاع خرم دستگیر گوجرانوالہ سے جیت گئے۔

ملتان سے پی ٹی آئی کے احمد حسن ڈیہڑ جیت گئے انہوں نے عبدالقادر گیلانی اور سکندر حیات خان بوسن کو شکست دی۔ این اے 58 راولپنڈی سے پیپلزپارٹی کے راجہ پرویز اشرف نے کامیابی حاصل کی۔ سابق وزراء حامد سعید کاظمی اور بلیغ الرحمان بھی شکست کھا گئے۔ رحیم یار خان سے پی ٹی آئی کے مخدوم خسرو بختیارجیت گئے، یہاں پیپلز پارٹی کے مخدوم شہاب الدین دوسرے نمبر پر رہے۔

ڈی جی خان سے پی ٹی آئی کی امیدوار زرتاج گل کامیاب رہیں۔ زرتاج گل نے ن لیگ کے اویس لغاری کو شکست دی۔ ٹنڈو محمد خان سے پیپلزپارٹی نوید قمر جیت گئے۔ این اے 244 کراچی ایسٹ سے پی ٹی آئی کے علی حیدر زیدی کامیاب رہے، یہاں ن لیگ کے مفتاح اسماعیل دوسرے اور ایم کیو ایم کے عبدالرؤف صدیقی تیسرے نمبر پر رہے۔ سکھر میں سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ بھی کامیاب ہو گئے۔ ادھر بلوچستان میں محمود اچکزئی کی پشتونخوا میپ اور حاصل بزنجو کی نیشنل پارٹی کا صفایا ہو گیا۔

پشتونخواہ میپ صوبائی اسمبلی کی صرف ایک نشست حاصل کر سکی۔ بلوچستان کی قومی اسمبلی کی 16میں سے 7نشستوں پر غیر حتمی اورغیر اعلانیہ نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے قاسم سوری، خان محمد جمالی، سردار یار محمد رند، بی این پی کے سردار اخترجان مینگل، آغا حسن، ایم ایم اے کے مولوی عصمت اﷲ اور کمال الدین نے کامیابی حاصل کی۔ ثنا اللہ زہری صوبائی نشست پر کامیاب ہوگئے۔ عبدالغفور حیدری صوبائی نشست پر شکست کھا گئے۔ کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال تینوں نشستوں پر ناکام ہو گئے۔
Load Next Story